29 اپریل ، 2012
کوئٹہ … وزیراعلیٰ بلوچستان نواب اسلم رئیسانی نے آئی سی آر سی کے مغوی اہلکار ڈاکٹر خلیل اسجد کے قتل کی مذمت کرتے ہوئے پولیس اورانتظامیہ کو قاتلوں کی گرفتاری کیلئے ہدایات جاری کردیں۔ اپنے ایک بیان میں وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہاہے کہ اس قسم کے واقعات کے پس پردہ وہ عناصر ہیں جو صوبے و ملک کے دشمن اور دہشت گردی کی کارروائیوں کے ذریعے پاکستان کو بدنام کرناچاہتے ہیں۔ نواب اسلم رئیسانی نے کہاکہ انہیں ڈاکٹر خلیل اسجد کے قتل کا سن کر دلی صدمہ پہنچا ہے کیونکہ مرحوم بلوچستان کے عوام کی خدمت کیلئے یہاں آئے تھے اور اپنے فرائض سرانجام دے رہے تھے ان کا اغواء اور پھر قتل کیا جانا انتہائی افسوس اور دْکھ کا باعث ہے۔ انہوں نے کہا کہ قتل کے اس واقعہ میں ملوث عناصر کو ہرگز معاف نہیں کیا جائے گا اور انہیں قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔ وزیراعلیٰ بلوچستان نے پولیس اور انتظامیہ کو ہدایت کی ہے کہ قاتلوں کی گرفتاری کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں اور انہیں جلد از جلد کیفر کردار تک پہنچایا جائے۔