Time 22 اکتوبر ، 2022
کھیل

پاک بھارت ٹاکرا: میلبرن کے موسم میں بتدریج بہتری آنے لگی

فوٹو: فائل
فوٹو: فائل

آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے سپر 12 مرحلے کا سب سے بڑا مقابلہ پاک بھارت ٹاکرا کل میلبرن کرکٹ گراؤنڈ میں ہوگا، اس میچ کے بارش سے متاثر ہونےکی پیش گوئی کی گئی ہے تاہم اب میلبرن کے موسم میں بتدریج بہتری آرہی ہے۔

میلبرن میں اتوارکو بارش کے امکانات میں کمی آرہی ہے اور  مقامی وقت صبح دس بجے سے شام سات بجے تک کے اب 30 فیصد امکانات رہ گئے ہیں، شام سات بجے سے دس بجے تک بارش کے امکانات 50 فیصد رہ گئے ہیں جب کہ رات گیارہ بجے بارش کے ستر فیصد امکانات ہیں۔

 یاد رہے کہ دو روز قبل اتوار کی بارش کے امکانات 90 فیصد تھے  اور آج بھی بارش کی پیش گوئی کی گئی تھی تاہم میلبرن میں آج صبح ہلکی بارش ہوئی جس کے بعد مطلع بالکل صاف ہوگیا جس کے بعد پاک بھارت ٹیموں نے پریکٹس سیشن میں بھی حصہ لیا جو کہ اس سے قبل مشکل نظر آرہا تھا۔

خیال رہےکہ پاک بھارت میچ پاکستانی وقت کے مطابق دوپہر ایک بجے ہونا(آسٹریلوی وقت شام 7بجے) ہے، میچ  مکمل سولڈ آؤٹ ہے، ایم سی جی میں ہونے والے میچ کے ٹکٹس آدھے گھنٹے میں فروخت ہو گئے تھے جب کہ اسٹینڈنگ ٹکٹیں بھی 5 منٹ میں فروخت ہوگئی تھیں۔

روایتی حریفوں کے درمیان ہونے والے اس میچ کی لگ بھگ ایک لاکھ ٹکٹس فروخت ہوئی ہیں۔


مزید خبریں :