انٹرٹینمنٹ
22 ستمبر ، 2016

معروف فیشن ڈیزائنر دیپک پروانی سے ایک دلچسپ ملاقات

فاکہہ حیدر ... دیپک پروانی فیشن انڈسٹری کا ایک ایسا نام ہے جو کسی تعارف کا محتاج نہیں۔ ان کا شمار ملک کے بہترین فیشن ڈیزائنر میں ہوتا ہے۔

یہی نہیں بلکہ انہوں نے اداکاری میں بھی اپنا لوہا منوایا۔ اداکاری کم کی مگر بہترین کی۔ دیپک پروانی آج ’جیو پاکستان‘ کے مہمان تھے۔اس ملاقات میں ان نے بہت سی دلچسپ باتیں ہوئیں اور ان کے خیالات جاننے کا موقع ملا۔ اپنے ناظرین اور قارئین کی دلچسپی کے لئے یہ گفتگو من و عن ذیل میں پیش کی جارہی ہے:

جیو : جی دیپک آج کل آپ کی کیا مصروفیات ہیں؟
دیپک: مصروفیات تو بہت ہیں ،اگلے ہی ہفتے فیشن ویک ہے۔ ساتھ ہی چند فلموں اور ٹی وی شوز کے لیے بھی ملبوسات ڈیزائن کر رہا ہوں اور ہاں بچوں کے اسکول یونیفارم بھی ڈیزائن کیے جا رہے ہیں لہذا مصروفیت ہی مصروفیت ہے۔

وہ کون سے اداکار ہیں جن کے ملبوسات آپ بنانا چاہیں گے؟
سونم کپور، پریانکا چوپڑا، انجلینا جولی وہ شخصیات ہیں جن کے ملبوسات میں ڈیزائن کرنا چاہوں گا۔ میری خواہش تھی کہ میں میڈم نور جہاں اور خالدہ ریاست کے بھی کپڑےڈیزائن کروں مگر ایسا ہو نہ سکا۔

آپ ڈیزائننگ کے علاوہ اور کیا کرنا پسند کرتے ہیں؟
مجھے مختلف اور منفرد کام کرنا اچھا لگتا ہے،میں کرتا بھی ہوں۔آج کل ایک فلم کی اسکرپٹ بھی لکھ رہا ہوں اور چند دنوں پہلے ہی اپنی کینیڈین فلم کی عکس بندی مکمل کی ہے جس میں میں اداکاری کر رہا ہوں۔

آپ کو دنیا کا سب سے بڑا کُرتا بنانے کا بھی اعزاز حاصل ہے اس کے بارے میں کچھ بتائیں؟
یہ ایک ڈیٹرجنٹ برانڈ کا پروجیکٹ تھا جس کے تحت اس بڑے کرتے سے چھوٹے چھوٹے کرتے بنا کر ایدھی فاؤنڈیشن کو عطیہ کیے جانے تھے۔ کرتے کی لمبائی 101 فٹ تھی جو ایک عام کرتے سے تیس گنا بڑا تھا۔اس میں 800گز کپڑے کا استعمال کیا گیا تھا جس کی تیاری میں میری ٹیم نے بھی میرے ساتھ کام کیا۔

مستقبل میں اورکیا کچھ کرنے کا ارادہ ہے ؟کن پروجیکٹس پر کام کر رہے ہیں؟
(ہنستے ہوئے ) نیند پوری کرنی ہے۔ اتنے کاموں میں الجھا ہوا ہوں کہ نیند پوری کرنے کا موقع بھی نہیں مل رہا۔ آج بھی میٹنگز ہیں اور کچھ مہمان بھی لاہور سے آنے والے ہیں۔ کچھ اورپراجیکٹس بھی ہیں جو ساتھ ساتھ چل رہے ہیں۔

نئے آنے والے فیشن ڈیزائنرز کے لئے کیا پیغام دینا چاہیں گے؟
میں ان سے کہنا چاہوں گا کہ آپ جو کرنا چاہیں کر سکتے ہیں خود پر بھروسہ ہو تو کچھ مشکل نہیں۔ ہمیشہ کچھ نہ کچھ نیا کریں ،آپ کو اپنی زندگی میں بہت مواقع ملتے ہیں یہ آپ پر منحصر ہے کہ آپ اس کافائدہ اٹھاتے ہیں۔ بس ہمت نہ ہاریں اور محنت کرتے رہیں۔ کامیابی خود آ پ کے قدم چومے گی۔

 

مزید خبریں :