پاکستان
25 مارچ ، 2017

فسادیوں سے ملک کو پاک کرنے کیلئے کوشاں ہیں، آرمی چیف

فسادیوں سے ملک کو پاک کرنے کیلئے کوشاں ہیں، آرمی چیف

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی فورسز فسادیوں سے ملک کو پاک کرنے کے لیے کوشاں ہیں، فخر ہے کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستانی قوم اور سیکیورٹی اداروں نے لازوال قربانی دی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے مہمند اور اورکزئی ایجنسی میں پاک افغان سرحد کا دورہ کیا، آرمی چیف کا استقبال کورکمانڈرپشاور لیفٹیننٹ جنرل نذیراحمد بٹ نے کیا۔

اس موقع پر انہیں سرحدی سیکیورٹی انتظامات پر بریفنگ دی گئی اور پاکستانی پوسٹوں پرحالیہ دہشت گرد حملوں کی تفصیلات سے بھی آگاہ کیا گیا ۔

آرمی چیف نے سوران اورکلایا میں فوجی دستوں سے بھی ملاقات کی او رجوانوں کے جذبے کی تعریف کی،انہوں نے طالبان کمانڈر دُران سمیت 5 دہشت گردوں کی ہلاکت اور حملوں کا بروقت و مؤثر جواب دینے پر جوانوں کے حوصلے اور عزم کو سراہا۔

اس موقع پر ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ ملک کو فسادیوں سے پاک کرنے کے لیے پاکستانی قوم اور جوانوں کا عزم بے مثال ہے، پاک افغان سرحد پرباجوڑاورمہمند ایجنسی ہائی تھریٹ زونز پر باڑ لگانا پہلی ترجیح ہے۔

آرمی چیف کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے خلاف پاکستان اور افغانستان نے بہت قربانیاں دی ہیں، مؤثر سرحدی نظام دونوں برادر اسلامی ملکوں کے مفاد میں ہے، پاک افغان سرحد پر دو طرفہ سیکیورٹی مکینزم بنانے کے لیے افغان حکام سے رابطے میں ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سرحدی نگرانی کیلیےفضائی نگرانی کے ساتھ جدیدآلات بھی نصب کیے جارہے ہیں، قبائلیوں، پُرامن پاکستانی قوم کےتحفظ کے لیے ہرممکن اقدامات کیے جائیں گے۔

مزید خبریں :