خصوصی رپورٹس
24 اپریل ، 2017

سب سے بڑے کھیل کا سب سے بڑا مقابلہ”اِیل کِلاسِکو“ میسی کے نام

سب سے بڑے کھیل کا سب سے بڑا مقابلہ”اِیل کِلاسِکو“ میسی کے نام

دنیا کے سب سے بڑے کھیل فٹ بال کا سب سے بڑا میچ دنیا کی دو سب سے مقبول ٹیموں کے درمیان کھیلا جاتا ہے ۔یہ مقابلہ اسپین کے دوشہروں کے فٹبال کلب میڈرڈ کے ”ریال میڈرڈ“ اور بارسلونا کے”بارسلونا ایف سی “ کے درمیان کھیلا جاتا ہے۔فٹبال میں نیشنل ٹیم سے زیادہ کلب مقبول ہوتے ہیں۔ان کلب کے درمیان وہ ”رقابت“ ہوتی ہے جو دشمن ممالک کے میچز میں بھی نظر نہیں آتی۔

اٹلی کے کلب انٹر میلان اور اے سی میلان کا مقابلہ ہو ( یہ دونوں ٹیمیں ایک ہی شہر کی ہیں اور ایک ہی اسٹیڈیم کو اپنا کہتی تھی)یا پھر انگلینڈ کی مانچسٹر یونائیٹڈ اور لیور پول کا میچ ،ریال میڈرڈ اور بارسلونا کے ”ایل کلاسکو “ کے ٹاکرے کا کوئی موازنہ نہیں۔فٹ بال میں حریف ممالک کے درمیان بھی بڑے بڑے ٹینشن والے میچز ہوتے ہیں جیسے ارجنٹینا بمقابلہ برازیل،فرانس بمقابلہ انگلینڈ، ایران بمقابلہ امریکا لیکن ایل کلاسکو کا کوئی مقابلہ نہیں۔

پاکستان میں کرکٹ سمجھنے والے فین جان لیں کہ پاکستان اور بھارت کے کرکٹ ٹاکرے اور یہاں تک کہ 130سال پرانی انگلینڈ اور آسٹریلیا کے ایشز سیریز جیسی ٹینشن بھی ”ایل کلاسکو “ کے سامنے کچھ بھی نہیں۔

ریال میڈرڈ اور بارسلونا کی شان اور بڑھائی دو سپر اسٹارز بلکہ میگا اسٹارزرونالڈو اور میسی نے۔اب ایل کلاسکو ریال اور بارسلونا کا نہیں میسی اور رونالڈو کا مقابلہ کہلاتا ہے۔دونوں ٹیموں میں کئی بڑے اور مشہور کھلاڑی آئے اور گئے جیسے ریال میڈرڈ میں رونالڈو(برازیل)،رابرٹوکارلوس،زیدان،بیکھم،فیگو،کیسی ایس ،راوٴل،گیراتھ بیل،ڈی ماریا ،کاکا، روببینیو، راموس اور کلاوڈ میک لیلی اوربارسلونا میں ایٹو،میرا ڈونا،رونالڈینیو،ڈیکو،روماریو،اینی ایسٹا،ژاوی اور پایول ۔

لیکن بارسلونا میں میسی اور ریال میڈرڈ میں رونالڈو جیسی شہرت اور مقبولیت کسی کو نہیں ملی۔اِس وقت بارسلونا کے کوچ لوئی اینرکس اور مانچسٹر سٹی کے کوچ پیپ گورڈیلا بھی بارسلونا کے ہی اسٹار کھلاڑی رہے ہیں۔لوئی اینرکس، لوئی فیگو اور رونالڈو(برزایل) وہ مشہور کھلاڑی ہیں جنھوں نے دونوں مشہور کلب کی نمائندگی کی۔

میسی کے ساتھ نیمار اور سواریز جیسے اسٹار ہیں لیکن میسی سب سے آگے بہت آگے اسی طرح رونالڈو کے ساتھ بینزما ،روڈ ری گز اور بیل ہیں لیکن رونالڈو کے آگے سب کا جادو پھیکا ہے۔ پھیکے تو تھوڑے رونالڈو بھی پڑے میسی کے سامنے اِس ایل کلاسکو میں جب میسی نے اپنی ٹیم کیلئے دو گول داغ کر ریال میڈرڈ کو اُسی کے گراوٴنڈ پر دو کے مقابلے میں تین گول سے ہرادیا۔

میسی پورے میچ میں چھائے رہے ۔دوسری طرف رونالڈو نے کئی گول مِس کیے۔یہی ہوتا ہے ایک دن میسی بھاری پڑتا ہے تو دوسرے مقابلے میں رونالڈو کام دکھا جاتا ہے۔اس جیت کے ساتھ بارسلونا لیگ ٹیبل پر ٹاپ پر آگیا ہے کیونکہ اس جیت کے ساتھ بارسلونا اور ریال میڈرڈ کے 75،75پوائنٹس ہوگئے ہیں لیکن” گول ڈیفرنس“میں بارسلونا کو ریال میڈرڈ پر 14گولز کا ایڈوانٹیج ہے لیکن ریال کے چانسزاب بھی لیگ جیتنے کے اس لیے زیادہ ہیں کیونکہ اِس وقت تک ریال نے بارسلونا کے مقابلے میں لیگ میں ایک میچ کم کھیلا ہے۔اب دونوں ٹیموں کیلئے غلطی کی کوئی گنجائش نہیں ۔

اب آسان کیلکولیشن یہ ہے کہ لیگ جیتنے کیلئے ریال میڈرڈ کو اپنے تمام میچز جیتنے ہونگے کیونکہ اگر ریال اپنے باقی چھ میچز میں سے ایک میچ بھی ہارا اور بارسلونا اپنے باقی پانچ میچ جیت گیا تو ”گول ڈیفرنس “کی وجہ سے لیگ ایک بار پھر بلکہ مسلسل تیسرے سال بارسلونا کے نام ہوجائے گی۔بارسلونا کو یہ بھی ایڈوانٹج ہے کہ وہ چیمپئنز لیگ سے باہر ہوچکی ہے۔

دوسری طرف ریال میڈرڈچیمپئنز لیگ میں اپنے دفاع کی جنگ لڑ رہی ہے ۔ریال میڈرڈ کیلئے چیمپئنز لیگ اس لیے زیادہ اہم ہے کیونکہ وہ مسلسل دو سال چیمپئنز لیگ جیتنے والی دنیا کی پہلی ٹیم بن سکتی ہے۔اُس کیلئے ریال کو پہلے سیمی فائنل میں ایٹلیٹکو میڈرڈ اور پھر فائنل میں اطالوی کلب یوونٹیس یافرانسیسی کلب موناکو کو ہرانا ہوگا۔1ریال میڈرڈ چیمپئنز لیگ ریکارڈ 11بار جیت چکی ہے دوسری طرف بارسلونا نے چیمپئنز لیگ کی ٹرافی اب تک صرف5بار اٹھائی ہے۔

یہی موازنہ اگر اسپینیش فٹبال لیگ ”لا لیگا “ سے کیا جائے تو ریال میڈرڈ کو یہ لیگ ریکارڈ32بار جیتنے کا اعزاز حاصل ہے۔ دوسری طرف بارسلونا نے لا لیگا کی ٹرافی اب تک 24بار اپنے نام کی ہے۔بارسلونا کے ہوم گراوٴنڈ کو ”نو کیمپ“ کہا جاتا ہے اس گراوٴنڈ میں 99ہزار تماشائیوں کی گنجائش ہے۔

دوسری طرف ریال میڈرڈ کا گراوٴنڈ ” سانتیاگو برنا باوٴ“ کہلاتا ہے۔ اس اسٹیڈیم میں81ہزار تماشائیوں کی گنجائش ہے۔ان دونوں گراوٴنڈ میں یہ دونوں ٹیمیں سال میں ایک بار لازمی ٹکراتی ہیں ایک بارسلونا کے ہوم گراوٴنڈ میں ،دوسری بار ریال میڈرڈ کی سرزمین پر۔سال میں کم سے کم دو ایل کلاسکو ہونے کے باوجود گراوٴنڈ میں اور گراوٴنڈ سے باہر ایک جنگ سا ماحول ہوتا ہے۔

ٹینشن اس وقت اور بڑھ جاتی ہے جب ان دونوں میں سے کوئی بھی ٹیم اپنے حریف کلب سے ہزاروں تماشائیوں کے سامنے ہار جاتی ہے پھر جس طرح حریف کھلاڑی جشن مناتے ہیں یا میزبان تماشائیوں کو چڑا تے ہیں یہ مناظر دیکھنے والے اور یادگار ہوتے ہیں۔

کوچز کی آپس میں لڑائی، ریفری سے جھگڑے اور کھلاڑیوں پر چِلانا بھی زوردار ہوتا ہے۔انہی میچز میں ہیروز بنتے ہیں اور زیرو بھی یہی ایل کلاسکو بناتا ہے۔

ایل کلاسکو کی 85 سال کی تاریخ میں ریال میڈرڈ 93بار سرخرو ہوئی بارسلونا نے 92 بار فتح اپنے نام کی۔ 49بار میچ برابری پر ختم ہوا۔

میسی نے ریال میڈرڈ کو ہرایا بھی اور حریف تماشائیوں کو چڑایا بھی ساتھ ہی اپنے اُس کلب کیلئے جہاں سے وہ بچپن سے کھیل رہے ہیں پانچ سو گول کرنے کا اعزاز بھی پایا ۔

مزید خبریں :