دنیا
26 مئی ، 2017

ٹرمپ کی پہلے بین الاقوامی دورے میں حرکتیں توجہ کا مرکز بنیں

ٹرمپ کی پہلے بین الاقوامی دورے میں حرکتیں توجہ کا مرکز بنیں

امریکی صدر کا پہلا بین الاقوامی دورہ انہیں یاد رہے گا، پہلے اسرائیل اور روم میں خاتون اوّل کی ناراضی دنیا نے دیکھی پھر برسلز میں ڈونلڈ ٹرمپ کی حرکتیں لوگوں کی توجہ کا مرکز بن گئیں۔

ہاتھ ملانے کے بہانے سامنے والے کو ہلادینے والے امریکی صدر نے عادت نہ بدلی،برسلز میں فرانس کے کم عمرترین صدر سےاس گرمجوشی سے ہاتھ ملایا کہ انہیں ہلا کر رکھ دیا۔

لیکن ایمانیول میکرون بھی پکے کھلاڑی نکلے، امریکی صدر سے ملاقات کے بعدفوٹو سیشن کے دوران پانچ سکینڈ تک ڈونلڈ ٹرمپ کا ہاتھ تھامے رکھا۔

امریکی صدر نے ہاتھ چھڑانے کی کوشش بھی کی لیکن فرانسیسی صدر جلد ہاتھ چھوڑنے پر تیار نظر نہ آئے۔

ادھرنیٹوسربراہان کےگروپ فوٹو کے موقع پرصدر ٹرمپ ایک بار پھر جارحانہ موڈ میں دکھائی دیئے۔

امریکی صدرکو اگلی صف میں کھڑا ہونا تھا،لیکن مونٹی نیگرو کے وزیراعظم راستے میں آگئے، مگر ٹرمپ نے ان کی پروا نہ کی اور ان کا کندھا ہاتھ سے دھکیل کر خود ان سے آگے نکل آئےاور پوز ایسے کیا جیسے کچھ ہوا ہی نہیں ۔

یہ سب شاید اس لئے ہوا کہ اجلاس سے قبل یورپی رہنماؤں نے امریکی صدر کو نظر انداز کردیا تھا۔

برطانوی وزیر اعظم تھریسامے اوروزیر خارجہ ترکی کے صدر سے گفتگو میں مصروف تھے کہ ٹرمپ ہال میں داخل ہوئے تو کسی نے ان پر توجہ نہ دی،جس پر امریکی صدر کھسیانے ہو گئے، بعد میں بورس جانسن سے مصافحہ کرکے ان سے بالوں کے اسٹائل پر گفتگو کرنے لگے۔

اب بات امریکی خاتون اوّل کی جو دورۂ اسرائیل اور روم کے دوران اپنے شوہر سے ناراض نظر آئیں۔

ایک موقع پر انہوں نے ڈونلڈ ٹرمپ کا ہاتھ جھٹکا اور دوسرے موقع پر ہاتھ نظر انداز کر دیا تھا لیکن میلانیا کا دل شاید موم ہو گیا، پوپ کی رہائش گاہ کا دورہ کرتے وقت شوہر کا ہاتھ تھامے نظر آئیں۔

یہ تو تھیں چند اصلی ویڈیوزاب ذکر ایک جعلی ویڈیو کا، پوپ سے امریکی صدر ٹرمپ کی ملاقات کی ایک جعلی ویڈیو انٹرنیٹ پر وائرل ہوگئی ہے، جس میں امریکی صدر پوپ سے شرارت کرتے نظر آرہے ہیں۔

مزید خبریں :