پاکستان
11 جولائی ، 2017

وزیراعظم کے استعفے کیلئے تمام اپوزیشن سے رابطہ کرینگے، شاہ محمود

تحریک انصاف کے سینئر رہنما شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے جے آئی ٹی رپورٹ سامنے آنے کے بعد وزیراعظم نواز شریف کو اپنے قول کے مطابق استعفیٰ دے دینا چاہیے۔

اسلام آباد میں تحریک انصاف کے نمائندہ وفد نے قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ سے ملاقات کی۔ اس موقع پر دونوں رہنماؤں کے درمیان جے آئی ٹی رپورٹ اور آئندہ کی سیاسی حکمت عملی پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ پاناما کیس کی مشترکہ تحقیقاتی ٹیم کی رپورٹ پر پی ٹی آئی اور پیپلزپارٹی کی رائے متفق ہے اور وزیراعظم کے استعفے کے لئے اپوزیشن کی دیگر جماعتوں سے بھی رابطہ کیا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں: شریف فیملی کے اثاثے آمدن سے زیادہ ہیں، جے آئی ٹی رپورٹ

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ جے آئی ٹی نے پاناما لیکس سے متعلق جامع اور مفصل رپورٹ دی ہے، اس رپورٹ کے بعد وزیراعظم نواز شریف سیاسی اور اخلاقی جواز کھو چکے اس لئے انہیں اپنے قول کے مطابق عہدے سے استعفیٰ دے دینا چاہیے۔

یہ بھی پڑھیں: پی پی اور پی ٹی آئی میں پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس بلانے کی درخواست کرنے پر اتفاق

تحریک انصاف کے سینئر رہنما کا کہنا تھا کہ متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے سربراہ فاروق ستار سے بھی آج ٹیلی فون پر بات ہوئی اور انہیں نواز شریف کے استعفے کا مطالبہ بھی پیش کیا جن کا کہنا تھا کہ وہ پارٹی سے مشاورت کے بعد بتائیں گے، جب کہ اپوزیشن لیڈر سے بھی وزیراعظم کے استعفے پر بات کی جنہوں نے پارٹی مشاورت کا کہا ہے۔

ادھر تحریک انصاف کے رہنما نعیم الحق نے بھی میڈیا سے بات کی، جن کا کہنا تھا کہ حکمران طبقے نے پاکستان کی دولت کو لوٹ کر ملک سے باہر منتقل کیا، تحریک انصاف کا مطالبہ ہے کہ ملک کی لوٹی ہوئی دولت واپس لائی جائے تاہم اب ملک میں کرپشن کے تمام دروازے بند ہوگئے ہیں۔

مزید خبریں :