انٹرٹینمنٹ
11 جولائی ، 2017

ٹیوب لائٹ کی ناکامی: سلمان ڈسٹری بیوٹرز کے نقصان کا ازالہ کرنے پر رضامند

ٹیوب لائٹ کی ناکامی: سلمان ڈسٹری بیوٹرز کے نقصان کا ازالہ کرنے پر رضامند

بالی وڈ کے دبنگ سپر اسٹار سلمان خان نے فلم ’’ٹیوب لائٹ‘‘ کے فلاپ ہونے کے بعد سنگل اسکرین ڈسٹری بیوٹرز کے نقصان کا ازالہ کرنے کی حامی بھرلی۔

سلمان خان کی فلم ’’ٹیوب لائٹ‘‘ باکس آفس پر کمال کر نے میں ناکام ہوگئی اور فلم نے بھارت میں ریلیز کے بعد سے اب تک 120 کروڑ کی کمائی کرسکی ہے۔

سلو میاں کی فلم 105 کروڑ کے بجٹ سے بنائی گئی لیکن فلم اب تک صرف اپنا بجٹ ہی پورا کرسکی ہے جب کہ فلم کے سپر ہٹ ہونے کی امید پر ڈسٹری بیوٹرشن رائٹس بھی مہنگے داموں فروخت کیے گئے تھے لیکن اب فلم کی ناکامی پر سنگل اسکرین اور چھوٹے ڈسٹری بیوٹرز کو بھاری نقصان ہوا ہے۔

فلم ڈسٹری بیوٹرز نے گزشتہ دنوں سلمان خان سے نقصان کا ازالہ کرنے کا مطالبہ کیا تھا جس کا تخمینہ 50 سے 75 کروڑ لگایا گیا تھا جس پر اب سلو میاں اور ان کے والد سلیم خان نے ازالہ کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔

فلم ڈسٹری بیوٹرز کے وفد  نے سلمان خان سے ممبئی میں ان کے گھر گلیکسی اپارٹمنٹ میں ملاقات کی جس میں نقصان کا ازالہ کرنے کی حامی بھری گئی جس کی تصدیق فلموں کے مالیاتی امور کے تجزیہ کار کومل نہتا نے اپنی ٹوئٹ میں بھی کردی ہے۔ 

کومل نہتا کا اپنی ٹوئٹ میں کہنا تھا کہ سلمان ڈسٹری بيوٹرز کو ’’ٹيوب لائٹ‘‘ میں ہونے والے نقصان کی تلافی کرنے کے لیے قائل ہو گئے ہیں. یہ ہوتا ہے بڑا انسان۔

جب کہ کومل نہتا کی ٹوئٹ کی تصدیق ایک اور فلموں کے مالیاتی امور کے ماہر رمیش بالا نے بھی کی ہے۔

واضح رہے کہ ہدایت کار کبیر خان کی فلم ’’ٹیوب لائٹ‘‘ میں سلمان خان، شاہ رخ خان، سہیل خان اور چینی اداکارہ ژو ژو نے اہم کردار ادا کیا۔

مزید خبریں :