پاکستان
Time 16 ستمبر ، 2017

کلثوم نواز کے کاغذات نامزدگی کی منظوری کیخلاف درخواست سماعت کیلئے مقرر

اسلام آباد: سپریم کورٹ نے این اے 120 سے مسلم لیگ (ن) کی امیدوار کلثوم نواز کے کاغذات نامزدگی کی منظوری کے خلاف درخواست سماعت کے لیے منظور کرلی۔

مسلم لیگ (ن) نے این اے 120 کے ضمنی انتخاب میں میاں نوازشریف کی اہلیہ کلثوم نواز کو امیدوار نامزد کیا ہے تاہم ان کی نامزدگی کےخلاف پہلے دن سے ہی اپوزیشن جماعتیں تحریک انصاف اورپیپلزپارٹی نے اعتراض دائر کیے۔

تحریک انصاف اور پیپلزپارٹی کی جانب سے پہلے ریٹرننگ افسر کے پاس اعتراضات داخل کرائے گئے جنہیں ریٹرننگ افسر نے مسترد کرکے کاغذات کو منظور کیا۔

ریٹرننگ افسر کے فیصلے کو پیپلزپارٹی نے اپیلٹ ٹریبونل میں چیلنج کیا تاہم لاہور ہائیکورٹ کے پینل نے اس اعتراض کو بھی مسترد کرتے ہوئے ریٹرننگ افسر کا فیصلہ برقرار رکھا۔

جیونیوز کے مطابق حلقے سے پیپلزپارٹی کے امیدوار فیصل میر نے کلثوم نواز کے کاغذات نامزدگی کی منظوری کے خلاف درخواست سپریم کورٹ میں دائر کی ہے جس میں بیگم کلثوم نواز، الیکشن کمیشن اور دیگر کو فریق بنایا گیا ہے۔

سپریم کورٹ نے فیصل میر کی درخواست منظور کرتے ہوئے اسے سماعت کے لیے مقرر کردیا۔

سپریم کورٹ کا تین رکنی بینچ جسٹس گلزار احمد کی سربراہی میں 18 ستمبر کو درخواست کی سماعت کرے گا۔

واضح رہے کہ پیپلزپارٹی اور تحریک انصاف نے اپنی درخواستوں میں مؤقف اپنایا کہ کلثوم نواز نے اپنے کاغذات میں اقامے کے معاہدے کی تفصیلات ظاہر نہیں کیں۔

مزید خبریں :