پاکستان
Time 22 اکتوبر ، 2017

پاکستان کی کابل میں ملٹری اکیڈمی پر حملے کی شدید مذمت

فوٹو: فائل

اسلام آباد: پاکستان نے افغانستان کے دارلحکومت کابل میں ملٹری اکیڈمی پر ہونے والے دہشت گرد حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔

گزشتہ روز افغان دارلحکومت کابل میں واقع ملٹری اکیڈمی پر خود کش حملے میں 15 اہلکار ہلاک اور متعدد زخمی ہوئے تھے اور حملے کی ذمہ داری طالبان نے قبول کی تھی۔

دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ دہشت گرد حملے میں ہونے والے قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر افسوس ہے اور پاکستانی حکومت اور عوام زخمیوں کی جلد صحتیاتی کے لئے دعا گو ہیں۔

دفتر خارجہ کی جانب سے کہا گیا کہ پاکستان ہر طرح کی دہشت گردی کی مذمت کرتا ہے جب کہ باہمی تعاون اور مشترکہ کوششوں سے ہی دہشت گردی کے ناسور کا خاتمہ ممکن ہے۔

یاد رہے کہ گزشتہ چند دنوں میں افغانستان میں دہشت گردی کی لہر میں تیزی آئی ہے اور چند روز کے دوران قندھار، غزنی، کابل سمیت دیگر علاقوں میں متعدد حملے ہو چکے ہیں جس میں اب تک 170 سے زائد افراد ہلاک اور سیکڑوں زخمی ہوئے۔

مزید خبریں :