انوکھے نام کی وجہ سے پولیس میں ملازمت حاصل کرنے والا خوش نصیب

فوٹو: بشکریہ فری ملائشیا ٹوڈے

انڈونیشیا میں اپنے انوکھے نام کی وجہ سے ایک شخص کو نا صرف ڈرائیونگ لائسنس جاری کر دیا گیا بلکہ ٹریفک پولیس میں ملازمت بھی دے دی گئی۔

پولیس نے جب بغیر لائنسنس کے ڈرائیونگ کرنے والے ایک 22 سالہ نوجوان کو روکا اور اس کا نام پوچھا تو حیران رہ گئے۔

روکے گئے شخص نے اپنا نام ’پولیسی‘ بتایا جس کا مقامی زبان میں مطلب بنتا ہے ’انڈونیشیا میں پولیس‘۔

انڈونیشیا کے جزیرے جاوا کے شہر پسوروان کے حکام کا کہنا ہے کہ اپنے نام ’پولیسی‘ کی وجہ سے غریب مزدور کو انڈونیشیا میں بہت سے لوگ پسند کرتے ہیں۔

پولیس کی جانب سے پولیسی کو روکنے کی ویڈیو وائرل ہوئی تو اعلیٰ افسران نے غریب مزدور سے ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے نا صرف اسے لائسنس کا ٹکٹ جاری کیا بلکہ مقامی پولیس میں ملازمت کی پیش کش بھی کی۔

پولیسی کو محکمہ پولیس میں ڈرائیونگ لائسنس کے لیے ٹیسٹ لینے والے اہلکاروں کی معاونت کی ذمہ داری دی گئی ہے۔

پولیس میں ملازمت حاصل کرنے والے نوجوان کا کہنا ہے کہ ’میں بہت ہچکچاہٹ کا شکار ہوں کیونکہ میں نے پہلے کبھی دفتری ماحول میں کام نہیں کیا‘۔

ٹریفک پولیس یونٹ کے سربراہ اور پولیسی کو لائنسنس کا ٹکٹ جاری کرنے والے افسر اریکا پترا نے اپنے محکمے کے نئے ملازم کو نوکری کے پہلے روز اس کی ذمہ داریوں کے حوالے سے آگاہ کیا۔

مزید خبریں :