ورون دھون کو ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی مہنگی پڑ گئی

بھارتی اداکار ورون دھون کو ممبئی کی سڑکوں پر ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنا مہنگا پڑ گیا۔

رپورٹس کے مطابق بالی ووڈ میں ان دنوں کامیابی کے جھنڈے گاڑنے والے اداکار ورون دھون ممبئی میں اپنی کار پر سفر کررہے تھے کہ ان کی ایک سگنل پر ٹھہری۔ ارد گرد بھی گاڑیاں رکی ہوئی تھیں۔ اچانک برابر میں کھڑے ایک رکشے میں موجود خاتون کو معلوم ہوگیا کہ ورون دھون ان کے درمیان موجود ہیں۔

خاتون نے موقع کا فائدہ اٹھاتے ہوئے ورون سے ایک سیلفی کی فرمائش کرڈالی، ورون اپنی مداح کا دل نہیں توڑنا چاہتے تھے لہٰذا وہ فلمی ایکشن کرتے ہوئے کار کی کھڑکی سے باہر کی طرف نکلے اور سیلفی لے لی۔ یہ تصویر سوشل میڈیا پر بھی آگئی جس میں ورون دھون گاڑی کی کھڑی سے باہر نکلے ہوئے تھے اور انہوں نے سیٹ بیلٹ بھی نہیں باندھی تھی۔

ممبئی ٹریفک پولیس کو یہ بات پسند نہیں آئی اور انہوں نے ورون کی اسی تصویر کو ٹوئٹ کرتے ہوئے پیغام دیا کہ ایسی حرکتیں فلموں میں اچھی لگتی ہیں سڑکوں پر نہیں، ہم آپ جیسے ذمہ دار شہری سے بہتر رویے کی امید کرتے ہیں۔

پولیس نے مزید کہا کہ آپ نے ایسا کرکے خود کو، اپنے مداح اور دیگر کئی افراد کو خطرے میں ڈالا، فی الحال آپ کے گھر الیکٹرانک چالان روانہ کردیا گیا ہے، اگلی بار جرمانہ سخت ہوگا۔

ممبئی پولیس کی جانب سے چالان بھیجے جانے کے بعد ورون دھون نے بھی سماجی رابطوں کی ویب سائٹ پر پیغام جاری کیا جس میں انہوں نے اپنے عمل پر معافی مانگی۔

ورون دھون نے کہا کہ ’’ٹریفک سگنل بند ہونے کی وجہ سے ہماری گاڑی چل نہیں رہی تھی اور میں کسی فین کے جذبات کو ٹھیس نہیں پہنچانا چاہتا تھا تاہم آئندہ میں حفاظتی اقدامات کو ذہن میں رکھوں گا اور ایسے کسی عمل کی حوصلہ افزائی نہیں کروں گا‘‘۔

ممبئی پولیس نے ورون دھون کی ٹوئٹ کا فوری جواب دیا اور لکھا کہ ’’اتفاق کی بات ہے کہ اس مقام پر ایک فوٹو گرافر بھی موجود تھا جس نے آپ کی تصویر اتار لی، گاڑی اگر رکی ہوئی ہو تو بھی آپ کا کھڑکی سے باہر آنا دوسرے لوگوں کی توجہ بھٹکانے کا موجب بن سکتا ہے کیوں کہ آپ ایک اسٹار ہیں اور لوگ آپ کی طرف متوجہ ہوتے ہیں، ہمیں خوشی ہے کہ آپ نے ہمارے پیغام کو مثبت نظریے سے دیکھا‘‘۔

مزید خبریں :