پاکستان
Time 08 دسمبر ، 2017

بیت المقدس سے متعلق امریکی اعلان پر ملک بھر میں احتجاج

امریکا کی جانب سے مقبوضہ بیت المقدس کو  اسرائیلی دارالحکومت قرار دینے اور امریکی سفارتخانہ منتقل کرنے کے فیصلے پر آج پاکستان بھر میں مختلف جماعتوں کی جانب سے احتجاج کیا جارہا ہے۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے اعلان کےبعد پاکستان سمیت عالمی برادری نے شدید رد عمل کا اظہار کیا ہے جب کہ پاکستان نے معاملے کو عالمی قوانین کی خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے فیصلہ واپس لینے کا بھی مطالبہ کیا ہے۔

امریکی صدر کے اعلان کے بعد پاکستان میں آج نماز جمعہ کے بعد جماعت اسلامی سمیت دیگر مذہبی جماعتوں اور تنظیموں نے احتجاج کا اعلان کیا ہے۔

جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق کا ملک گیر احتجاج کا اعلان کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ٹرمپ کا القدس کو اسرائیلی دارالحکومت قراردینا جلتی پر تیل ڈالنے کے مترادف ہے، ڈونلڈ ٹرمپ نے عالمی امن کو خطرے میں ڈال دیا ہے، مسلم حکمران متحد ہوکر امریکی فیصلے کے خلاف لائحہ عمل دیں۔

مختلف جماعتوں کا احتجاج

پشاور میں جماعت اسلامی کے کارکنان نے مسجد مہابت خان سے چوک یادگار تک احتجاجی ریلی نکالی۔

مظاہرین نے امریکا سے مقبوضہ بیت المقدس کو اسرائیلی دارالحکومت تسلیم کرنے کا فیصلہ واپس لینے کا مطالبہ کی۔

لاہور میں بھی مقبوضہ بیت المقدس کو اسرائیلی دارالحکومت بنانے پر جماعت اسلامی کے کارکنان نے مال روڈ پر احتجاج کیا جس میں کارکنان کی بڑی تعداد شریک تھی۔

جھنگ میں نماز جمعہ کے بعد مذہبی جماعتوں کے کارکنان نے احتجاج کیا جس میں مجلس وحدت المسلمین اور دیگر جماعتوں کے کارکنان نے اسلامیہ اسکول سے ایوب چوک تک ریلی نکالی۔ 

اس موقع پر مظاہرین نے ہاتھوں میں پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جس پر امریکا مخالف نعرے درج تھے۔

لاہور میں طلبہ تنظیم نے امریکی صدر کے فیصلے کے خلاف امریکی قونصلیٹ کے باہر احتجاج کیا اور امریکا مخالف نعرے بازی کی۔

مظاہرین نے مطالبہ کیا کہ بیت المقدس کو اسرائیل کا دارالخلافہ تسلیم کرنےکا اعلان واپس لیا جائے، اگر اعلان واپس نہ لیا گیا تو احتجاج کا سلسلہ جاری رکھیں۔

پولیس نے طلبہ تنظیم کے احتجاج کے باعث سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر امریکی قونصلیٹ کے راستے سیل کردیئے، قونصلیٹ کے گرد کنٹینرز کھڑے کرکے پولیس کی بھاری نفری تعینات کردی گئی۔

اسلام آباد بار کونسل کی جانب سے بھی امریکی فیصلے کے خلاف احتجاج کیا گیا جس میں وکلا کی بڑی تعداد نے ایف ایٹ کچہری میں احتجاج کیا اور امریکا کےخلاف شدید نعرے بازی کی۔

اکوڑہ خٹک میں جمعیت علما اسلام (س) کے سربراہ مولانا سمیع الحق کی قیادت میں احتجاج ریلی نکالی گئی جس میں مظاہرین کی بڑی تعداد شامل ہے۔

احتجاجی مظاہرین نے امریکی اقدام کو مسترد کرتے ہوئے شدید نعرے بازی کی، مظاہرین نے جی ٹی روڈ پر دھرنا دے دیا۔

دیر، مانسہر میں بھی مذہبی جماعتیں اورشہری سراپا احتجاج ہیں۔ خیبرایجنسی میں قبائلی عمائدین نے اسرائیلی جارحیت کے خلاف باب خیبر پراحتجاجی مظاہرہ کیا۔

قبائیلی عمائدین کا کہنا تھا کہ امریکی اسرائیل گٹھ جوڑ چوتھی عالمی جنگ کو دعوت دینے کے مترادف ہے۔

باجوڑ ایجنسی میں بھی تجارتی مرکز خار میں احتجاجی مظاہرہ کیا گیا، اس کے علاوہ چشتیاں، منڈی بہاءالدین، چیچہ وطنی، سرگودھا، ملتان،وہاڑی کمالیہ میں بھی احتجاجی مظاہرے کیے گئے۔

مظفرگڑھ میں دفاع پاکستان کونسل کی جانب سے جھنگ موڑ چوک پراحتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔

باغ آزاد کمشیر ،اٹھ مقام اور دھیرکوٹ سمیت آزاد کشمیر کے دیگر اضلاع اور چھوٹے بڑے شہروں میں احتجاجی مظاہرے کیے گئے۔

سکھر میں جماعت اسلامی کی جانب سے پریس کلب پر احتجاجی مظاہرہ کیاگیا۔تھرپارکر کے ضلعی ہیڈ کوارٹر میں آج ہڑتال ہے۔اس کے علاوہ نواب شاہ، کندھکوٹ اور حیدرآباد سمیت سندھ بھر میں مختلف مذہبی جماعتیں اورشہری سراپااحتجاج ہیں۔

کراچی میں مجلس وحدت المسلمین کی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے ایم ڈبلیو ایم کے رہنما علی حسین نقوی نے کہا کہ امریکی صدر نے مسلمانوں کی دل آزاری کی ہے، دنیا بھر میں امریکا دہشت گردی کررہا ہے۔

واضح رہےکہ امریکی صدر کے اعلان کے بعد فلسطین میں شدید احتجاج جاری ہے جہاں اسرائیلی فوج نہتے مظاہرین پر طاقت کا استعمال کررہی ہے۔

مزید خبریں :