کوہلی کو لارا سے آگے نکلنے کیلئے صرف ایک سنچری درکار

سابق ویسٹ انڈین کپتان برائن لارا (دائیں) اور ورات کوہلی (بائیں)

بھارتی کرکٹ ٹیم کے کپتان ویرات کوہلی اب تک کئی ریکارڈز قائم کرچکے ہیں اور اب وہ سابق ویسٹ انڈین کرکٹر برائن لارا کو پیچھے چھوڑنے کے لیے تیار ہیں۔

سوپر اسپورٹس پارک سینچورین میں جنوبی افریقا کے خلاف دوسرے ٹیسٹ کے تیسرے دن بھارتی کپتان ورات کوہلی نے 153رنز کی اننگز کھیلی۔

یہ 29 سالہ بھارتی کپتان ویرات کوہلی کی 65ویں ٹیسٹ میچ میں 21ویں اور مجموعی طور پر انٹرنیشنل کرکٹ میں  ان کی 53 ویں سنچری ہے۔

دائیں ہاتھ کے بیٹسمین کوہلی 202 ون ڈے میچز میں بھارت کے لئے 32سنچریاں بنا چکے ہیں،یوں مجموعی طور پر 53 انٹرنیشنل سنچریوں کے ساتھ کوہلی اب ویسٹ انڈیز کے سابق کپتان برائن لارا کے ہم پلہ بن گئے ہیں۔

ویرات کوہلی مزید ایک سنچری داغ کر انٹرنیشنل سنچریوں کی تعداد میں برائن لارا کو پیچھے چھوڑ دیں گے البتہ انہیں سابق بھارتی کرکٹر سچن ٹنڈولکر کا ریکارڈ توڑنے کے لیے جان توڑ محنت کرنی پڑے گی۔

اگر انٹرنیشنل سنچریوں کی تعداد کو دیکھا جائے تو 100انٹرنیشنل سنچریوں کے ساتھ بھارت کے سچن ٹنڈولکر پہلے اور آسٹریلیا کے رکی پونٹنگ 71سنچریوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہیں۔

سری لنکا کے کمار سنگا کارا اس فہرست میں 63سنچریوں کے ساتھ تیسرے نمبر پر جب کہ جنوبی افریقا کے جیک کیلس 62سنچریوں کے ساتھ چوتھے نمبر پر ہیں۔

پانچویں نمبر پر مشترکہ طور پر سری لنکا کے مہیلا جیا وردھنے اور جنوبی افریقا کے ہاشم آملہ ہیں ،جنھوں نے 54،54سنچریاں بنا رکھی ہیں۔

مزید خبریں :