30 اپریل ، 2012
کوئٹہ … انسپکٹر جنرل فرنٹیئر کور بلوچستان میجر جنرل عبیداللہ خان نے کہا ہے کہ سرحدوں کے دفاع اور بلوچستان میں امن و امان برقرار رکھنے کیلئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائے گا، دشمن ہمارے مضبوط ارادوں کو شکست نہیں دے سکتا۔ کوئٹہ میں فرنٹیئر کور کے زیراہتمام یوم شہداء کے حوالے سے تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ اس موقع پر آئی جی ایف سی کا کہنا تھا کہ ملک کی آزادی اور سلامتی شہیدوں کی قربانیوں کی مرہون منت ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہیدوں کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گااور ملک کے دفاع اور اندرونی سلامتی کیلئے جانیں قربان کرنے والوں پر فخر ہے۔ ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ ہم شہداء سے رہنمائی حاصل کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا عزم ہے کہ سرحدوں کے دفاع اور بلوچستان میں امن و امان کے لئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائے گا اور صوبے میں ہر صورت امن و امان قائم کیا جائے گا۔ انہوں نے اس عزم کا بھی اظہار کیا کہ مجرموں کے خلاف بلاتفریق کارروائی کی جائے گی۔