25 جنوری ، 2012
اسلام آباد… وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ قومی مفاد کیلئے سب کا موقف یکساں ہونا لازمی ہے۔ سوئٹرزلینڈ کے شہر ڈیوس میں ورلڈ اکنامک فورم میں شرکت کے لئے روانگی سے قبل ایک بیان میں وزیر اعظم نے کہا کہ آرمی چیف اورجنرل پاشا سے متعلق بیان مخصوص صورتحال میں اور اعلیٰ حکام کے بیانات متصادم ہونیکی وجہ سے دیاتھا۔ انہوں نے کہا کہ یہ تاثر دور کرنا چاہتا ہوں عسکری حکام کا عمل غیر آئینی اور قوائد کے منافی تھا، اب صورتحال واضح ہوگئی ہے ،ابہام دور ہوگیا۔ وزیراعظم نے مزید کہا کہ ملکی صورتحال اداروں کے درمیان تصادم کی متحمل نہیں ہوسکتی، ملکی مفاد میں سب کو مل کر کام کرنا ہوگا۔