12 فروری ، 2015
کرائسٹ چرچ.......کرکٹ ورلڈ کپ شروع ہونے میں تو ابھی دو دن باقی ہیں لیکن اس میگا ایونٹ کی افتتاحی تقریب آج میزبان ممالک نیوزی لینڈ اور آسٹریلیا میں علیحدہ علیحدہ جاری ہیں۔محبت کے عالمی دن سے شروع ہونے والی کرکٹ کی عالمی جنگ اب صرف دو روز کے فاصلے پر ہے لیکن مقابلوں سے قبل ایونٹ کی رنگارنگ افتتاحی تقریبات بھی شیڈول کا حصہ ہیں، یہ تقریبات دونوں میزبان ممالک آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ میں پاکستانی وقت کے مطابق دوپہر ایک بجے سے شام پانچ بجے کے درمیان جاری رہیںگی۔ نیوزی لینڈ کے شہر کرائسٹ چرچ کی تقریب میں کرکٹ لیجنڈ سر رچرڈ ہیڈلی، اسٹیفن فلیمنگ اور موجودہ کرکٹ ٹیم کے کپتان برینڈن میک کیولم بھی شریک ہیں۔ اس میں میوزک ، فنکاروں کی پرفارمنس اور آتش بازی کا شاندار مظاہر ہ کیا جا رہا ہے۔ آسٹریلیا میں ہونے والی تقریب سڈنی میئر میوزک باؤل میںجاری ہے۔ کرکٹ ورلڈ کپ میں شریک ٹیموں کے کھلاڑی اس کا حصہ ہیں۔ موسیقی کا شور ،جبکہ دلکش آتش بازی بھی پروگرام کا حصہ ہے۔