پاکستان
01 مئی ، 2012

جو بھی قانون کی حکمرانی کیلئے میدان میں اترا، سرخرو ہوگا، نواز شریف

جو بھی قانون کی حکمرانی کیلئے میدان میں اترا، سرخرو ہوگا، نواز شریف

لاہور … سربراہ مسلم لیگ ن میاں نواز شریف نے کہا ہے کہ جو بھی قانون کی حکمرانی کیلئے میدان میں اترے گا سرخرو ہوگا، ملک میں جمہوریت کی مضبوطی کی جنگ لڑ رہے ہیں، سپریم کورٹ کی توہین نہیں ہونے دیں گے، یہ ملک زرداری اور گیلانی کا نہیں بلکہ عوام کا ہے، انتخابات میں قوم نے صحیح فیصلہ دیا تو ملک خوشحال ہوگا، کرپشن میں کبھی کسی کے بیٹے کا نام آرہاہے تو کبھی کسی رشتے دار کا۔ لاہور میں یوم مئی سے متعلق تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مسلم لیگ ن کے صدر میاں نواز شریف کا کہنا ہے کہ پرویز مشرف کو گارڈ آف آنر دینے کے بجائے کٹہرے میں لانا چاہئے تھا، زرداری میں جرأت نہیں تھی کہ پرویز مشرف سے تباہی کے بارے میں پوچھتے۔ انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ کی تذلیل نہیں ہونی چاہئے، سپریم کورٹ کی توہین نہیں ہونے دیں گے، اعلیٰ عدلیہ کے احکامات کی خلاف ورزی کی جارہی ہے، حکومت سپریم کورٹ سے لڑ رہی ہے تو ہمارا احتجاج جائز ہے، حکومت اچھا کام کررہی ہوتی تو ہم ان کے ساتھ ہوتے۔ سربراہ ن لیگ نے کہا کہ مجھ پر الزام لگایا جاتا ہے کہ میں زرداری صاحب سے ملا ہوا ہوں، میں حکومت سے ملا ہوا نہیں، چار سال تک پاکستان کیلئے بہت کچھ برداشت کیا، جو بھی قانون کی حکمرانی کیلئے میدان میں اترے گا اس کا سر فخر سے بلند ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ہم 80ء اور 90ء کی دہائی میں واپس نہیں جارہے، ہم سے کئے گئے معاہدے پورے کئے جاتے تو ملک کی تقدیر بدل گئی ہوتی، ہمیں پانچ سال کی باری ملتی تو پاکستان کی حالت بدل دیتے۔ ان کا کہنا ہے کہ یہ ملک زرداری اور گیلانی کا نہیں بلکہ عوام کا ہے، ہم پاکستان کی آنے والی نسلوں اور ملک کی بقاء اور سلامتی کی جنگ لڑ رہے ہیں، انتخابات میں قوم نے صحیح فیصلہ دیا تو ملک خوشحال ہوگا۔ حکومتی کرپشن سے متعلق انہوں نے کہا کہ رینٹل پاور میں اربوں روپے کھانے والوں نے حاجیوں کو بھی نہیں چھوڑا، کرپشن میں کبھی کسی کے بیٹے کا نام آرہا ہے تو کبھی کسی اور رشتے دار کا۔ انہوں نے کہا کہ مزدور کی کم سے کم تنخواہ 9 ہزار نہیں 20 ہزار روپے ہونی چاہئے تاہم حکومت پنجاب کی جانب سے کم سے کم تنخواہ 9 ہزار روپے کرنا بھی قابل ستائش ہے۔

مزید خبریں :