01 مئی ، 2012
پشاور…خیبر پختون خوا کی بیشتر جیلوں میں گنجائش سے زیادہ قیدیوں کو رکھا گیا ہے۔ساڑھے آٹھ سو افراد کی گنجائش والی پشاور کی سنٹرل جیل میں دو ہزار سے زیادہ قیدیوں کو رکھا گیا ہے۔ محکمہ جیل خانہ جات کے مطابق خیبر پختون خوا کی 22 جیلوں میں مجموعی طور پر 8557 قیدی سزا کاٹ رہے ہیں۔جن میں 127 خواتین 224 بچے اور8206مرد شامل ہیں۔ صوبہ کی سب سے بڑی پشاور سنٹرل جیل میں850 قیدیوں کے رکھنے کی گنجائش ہے۔ لیکن وہاں 2077 قیدیوں کو رکھا گیا ہے۔ 314قیدیوں کی گنجائش کی حامل مردان کی ڈسٹرکٹ جیل میں 466 قیدی سزا کاٹ رہے ہیں جبکہ 250قیدیوں کی گنجائش والی تیمرگرہ جیل میں 555 افراد پابند سلاسل ہیں۔ مانسہرہ جیل میں 485 کی بجائے 529 قیدی سلاخوں کے پیچھے ہیں جبکہ چارسدہ کی سب جیل میں 120 قیدیوں کی گنجائش ہے مگر یہاں بھی 213 قیدی رکھے گئے ہیں ۔ اسی طرح 36 افراد کی گنجائش والی لکی مروت جیل میں 162 قیدی ،صوابی کے جوڈیشل لاک اپ میں 75 کی بجائے 322افراد پابند سلاسل ہیں۔۔نوشہرہ کے جوڈیشل لاک اپ میں 98 کے بجائے 315 قیدی موجود ہیں۔تیرہ قیدیوں کی گنجائش کے حامل ٹانک جوڈیشل لاک اپ میں 52 قیدی ہیں۔ جبکہ بنوں جیل واقعہ سے پہلے720 افراد کی گنجائش والی اس جیل میں 844 قیدیوں کو رکھا گیا تھا۔ جیل حکام کے مطابق جیلوں میں گنجائش سے زیادہ قیدیوں کے باعث انتظامیہ کو امن وامان بحال رکھنے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ اور قیدیوں میں لڑائی جھگڑے بھی رونما ہوتے رہتے ہیں۔