01 مئی ، 2012
پشاور…اغوا ء کاروں کے چنگل سے نجات حاصل کرنے والے نو شہرہ کے طالب علم نے انصاف کے حصول کے لئے پشاور ہائی کورٹ سے رجوع کرلیا ۔نوشہر ہ کے رہائشی وقاص خان نے پشاور ہائیکورٹ کے چیف جسٹس دوست محمدخان کو درخواست دی ہے۔ جس میں اس نے موقف اختیار کیا ہے کہ اسے27 اکتوبر 2011 کو اغوا ء کیا گیا۔ اور اس کی عریاں فلم بنائی گئی۔فلم منظر عام پر نہ لانے کے لئے اغواء کاروں نے پچاس لاکھ روپے تاوان کا مطالبہ کیا۔تاوان نہ دینے پر اغواء کاروں نے اس پر تشد د کیا۔ جیونیوز سے گفتگو میں وقاص نے کہا کہ وہ بارہویں جماعت کا طالب علم ہے۔ اور اغواء کار اسے جان سے مارنے کی دھمکی دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملزمان کے خلاف تھانہ اکوڑہ خٹک میں ایف آئی آر درج کرائی گئی ہے۔ تاہم پولیس کسی قسم کی کارروائی نہیں کر رہی ہے۔