02 مئی ، 2012
اسلام آباد… اسلام آباد کی ہائی کورٹ نے سپریم کورٹ کی سزا کو بنیاد بنا کر وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کی نااہلی کیلئے دائر درخواست کو قبل از وقت قرار دے کر نمٹادیا ہے ۔ جی اے چودھری ایڈووکیٹ نے وزیراعظم کیخلاف اسلام آباد ہائی کورٹ میں درخواست دائر کی تھی ، اس میں کہاگیاتھاکہ عدالتی سزا کے بعد وزیراعظم نااہل ہوگئے ہیں اور انہیں کام سے روکا جائے ، ہائی کورٹ کے جسٹس شوکت صدیقی نے آج اس درخواست کی ابتدائی سماعت کی تو درخواست گزار کے وکیل نے دلائل دئے، جسٹس شوکت عزیز صدیقی نے ریمارکس میں کہاکہ آئین کا آرٹیکل 63 وزیراعظم کی نہیں رکن اسمبلی کی نااہلی سے متعلق ہے، عدالت نے وکیل کو درخواست واپس لینے کی ہدایت کی جس پر درخواست گزار وکیل نے کچھ دلائل دے کر درخواست واپس لے لی ۔