02 مئی ، 2012
حیدرآباد… کراچی سمیت سندھ کے مختلف شہروں میں صبح سویرے پے درپے دھماکوں میں ایک پولیس اہلکار سمیت متعدد افراد خمی ہو گئے۔ اطلاعات کے مطابق حیدرآباد شہر کے مختلف علاقوں میں 4دھماکے ہوئے۔ یہ دھماکے اناج منڈی،فاطمہ جناح روڈ نسیم نگر اور لطیف نمبر 7 میں نیشنل بینک کی اے ٹی ایم مشینوں پر ہوا۔ ان دھماکوں کے نتیجے میں چار افراد زخمی ہو گئے۔ پولیس کے مطابق دھماکوں کی جگہ سے سندھو دیش لبریشن آرمی کے پمفلٹ برآمد ہوئے۔ اس کے بعد بھان سعید آباد ، دادو ، نوابشاہ سکرنڈ روڈ ، میہڑ ، کوٹری ، لاڑکانہ ، سکھر، بدین ، قاضی احمد ، شہداد کوٹ ، ٹھٹھہ ، رانی پور ، خیر پور ناتھن شاہ اور ٹنڈو محمد خان میں نیشنل بینک کی عمارتوں کے باہر دھماکے ہوئے۔ ان دھماکوں میں بھی متعدد افراد زخمی ہو گئے۔ ادھر گھوٹکی کے قریب قاضی آباد کے قریب ریلوے ٹریک پر کریکر کا دھماکا ہوا جس کے نتیجے میں 3فٹ ریلوے ٹریک کو نقصان پہنچا اور پنجاب سے سندھ جانے والی جعفر ایکسپریس حادثے سے بچ گئی ۔ پولیس کے مطابق ریلوے انتظامیہ متاثرہ جگہ پہنچ گئی ہے جہاں امدادی کارروائی جاری ہے۔ ایک دھماکا کراچی کے علاقے گلستان جوہر بلاک15میں کے ای ایس سی کے دفتر کے قریب ہوا تاہم اس سے کوئی نقصان نہیں ہوا۔