پاکستان
02 مئی ، 2012

وزیراعظم کو کام سے روکنے کی استدعا،معاونت کیلئے اٹارنی جنرل طلب

 وزیراعظم کو کام سے روکنے کی استدعا،معاونت کیلئے اٹارنی جنرل طلب

لاہور… چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ شیخ عظمت سعید نے سپریم کورٹ سے سزا کے بعد وزیراعظم کوکام کرنے سے روکنے کیلئے دائردرخواستوں پر اٹارنی جنرل پاکستان کوسات مئی کومعاونت کیلئے طلب کرلیا۔ عدالت کے روبرو شاہدندیم گوندل ایڈووکیٹ اورتحریک انقلاب نے درخواستیں دائر کی تھیں کہ سپریم کورٹ سے سزاکے بعد یوسف رضاگیلانی وزیراعظم اوررکن قومی اسمبلی کے عہدوں سے ازخودنااہل ہوگئے ہیں لہذاانہیں عہدے سے کام کرنے ،وزیراعظم کی مراعات لینے اوراحکامات جاری کرنے سے روکااجائے۔ اے کے ڈوگرایڈووکیٹ نے قانونی نکتہ اٹھایاکہ سپریم کورٹ سے سزاکے بعد ناصرف وزیراعظم گیلانی بلکہ ان کی پوری کابینہ نااہل ہوگئی ہے اس لئے ان کاعہدوں پر برقراررہنا آئین کی سنگین خلاف ورزی ہے۔ انہوں نے کہاکہ سپریم کورٹ 1963 میں فیصلہ سے چکی ہے کہ کسی کی نااہلی ثابت ہوجائے تواس کے لئے مزید کسی پراسس کی ضرورت نہیں۔ اس لئے سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعدیوسف رضاگیلانی کونااہل کرنے کیلئے اسپیکر قومی اسمبلی کاکردارختم ہوجاتاہے۔دوران سماعت اے کے ڈوگرایڈووکیٹ نے استدعا کی کہ کیس کے حتمی فیصلے تک وزیراعظم اوران کی کابینہ کوکام کرنے سے روک دیاجائے جس پر چیف جسٹس نے کہاکہ اس کافیصلہ بھی آئندہ سماعت پرکیاجائیگا اورکارروائی ملتوی کردی۔

مزید خبریں :