02 مئی ، 2012
کراچی … کراچی میں ناگن فلائی اوور کے قریب دودھ کی دکان پر واردات کے دوران مبینہ پولیس مقابلے میں دو ملزمان ہلاک ہوگئے، مقابلے کے دوران گولی لگنے سے دکان کا مالک شدید زخمی ہوگیا۔ ڈی آئی جی ویسٹ اکرم نعیم بھروکہ کے مطابق نارتھ کراچی میں ناگن فلائی اوور کے قریب دودھ کی دکان پر تین ملزمان نے لوٹ مار شروع کی تو اس علاقے میں سادہ کپڑوں میں ڈیوٹی پر مامور پولیس اہلکاروں نے ملزمان کو گھیرے میں لے لیا اس دوران ملزمان نے دکان کے مالک کو فائرنگ کرکے زخمی کردیا۔ پولیس اہلکاروں کی جوابی فائرنگ سے دو ملزمان ہلاک ہوگئے جبکہ ان کا ساتھی فرار ہوگیا۔ اطلاع ملتے ہی ایس ایس پی سینٹرل عاصم خان موقع پر پہنچے انہوں نے بتایا کہ ملزمان کے قبضے سے دو پستول اور ایک م موٹر سائیکل برآمد ہوئی۔ پولیس واقعہ کی مزید تفتیش کر رہی ہے۔