02 مئی ، 2012
کراچی… کراچی کے علاقے لیاری میں چھٹے روز بھی جرائم پیشہ افراد کے خلاف پولیس کا آپریشن جاری ہے جبکہ آپریشن کے لئے نئے پولیس کے دستے اور اسلحہ بھی منگوالیا گیا ہے۔ آپریشن کے چھٹے روز بھی پولیس اور جرائم پیشہ افراد کے درمیان وقفے وقفے سے فائرنگ کا تبادلہ جاری ہے۔مسلح ملزمان کی جانب سے گزشتہ رات بھی لیاری کے مختلف علاقوں میں دستی بموں کا استعمال کیا گیا جس سے متعدد افراد زخمی بھی ہوئے جس کے بعد پولیس کی اضافی نفری چیل چوک اور لی مارکیٹ کے علاوہ کھارادر کے اطراف بھی تعینات کردی گئی ہے ،پولیس کے ہمراہ ایف سی اہلکار بھی آپریشن میں حصہ لے رہے ہیں۔ آپریشن کے دوران چیل چوک کے اطراف کے مکانات کے رہائش پذیر فائرنگ کے وقفے کے دوان نقل مکانی کررہے ہیں اس دوران چیل چوک کے اطراف کے علاقوں میں بھی کاروبار شدید متاثر ہے ، جبکہ رات گئے دستی بموں اور فائرنگ کے واقعات کے بعد ابتک موسی لین ، نیا آباد اور آگرہ تاج کے علاقے مکمل بند ہیں چیل چوک اور نوا لین کے اطراف میں فائرنگ کا تبادلہ جاری سندھ ریزرو پولیس کے تازہ دم دستے لیاری پہنچ گئے۔جبکہ دوسری جانب محکمہ داخلہ سندھ کے ذرائع کے مطابق لیاری گینگ وار میں ملوث ملزمان کے سروں کی قیمت مقرر کردی گئی جس کی وزیر اعلی سندھ نے منظوری دیدی ہے، ملزمان میں بابا لاڈلا کے سر کی قیمت 30 لاکھ،عزیر جان 20 لاکھ،الیاس پپو20 لاکھ،زمان محسود 25 لاکھ،خیر محمد 20 لاکھ،ریکھا 15 لاکھ اور ابراہیم 10 لاکھ روپے مقرر کی گئی ہے۔