دنیا
26 فروری ، 2015

نبی ﷺ نےآقا اور غلام کو برابری کا مقام دیا،ارتضا نقوی

 نبی ﷺ  نےآقا اور غلام کو برابری کا مقام دیا،ارتضا نقوی

ڈیلس ......راجہ زاہد اختر خانزادہ...... مغربی دنیا نے انسانی حقوق کے حوالے سے جو کام ابھی موجودہ صدیوں میں کئے ہیں یہ کام میرے نبیﷺ نے 1400 سال قبل کر کے اس بات کا اعلان کر دیا تھا کہ رب کی بارگاہ میں غریب ہو یا امیر‘ غلام ہویا آقا سب کا ایک جیسا مقام ہے، یہ بات ڈیلس کے معروف شیعہ عالم علامہ ارتضا نقوی نے متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) اور پاکستان کلب آف ڈیلس کے زیرانتظام محفل میلاد اور مشاعرہ کی محفل سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے مزید کہاکہ حضرت بلال حبشیؓ اس کی واضح مثال ہیں جو کہ حضورﷺ کے زمانے میں بحیثیت موذن اپنی خدمات سرانجام دیتے تھے۔ انہوں نے کہاکہ حضورﷺنے حضرت بلالؓ کو یہ مقام اس لئے عطا کیا تاکہ دوسرے افراد کو انسانی اقدار کی اہمیت معلوم ہو سکے اور اس بات کا اندازہ ہو سکے کہ ہم سب برابر ہیں۔ انہوں نے کہاکہ حضورﷺ کی پیدائش اللہ کی دی گئی دیگر نعمتوں میں سے ایک نعمت ہے ،قدرت کی عظمت اور علم قدرت کے آثار تمام مخلوقات اور موجودات میں بدرجہ اتم آشکار و ہویدا ہیں۔ انہوں نے کہاکہ قدرت کی جانب سے اگر دنیا کے اسرار و رموز پر غور کیا جائے تو اس سے ہمیں کسی حد تک اس کے علم قدرت کی وسعت کا پتہ چلتا ہے۔ اس موقع پر امریکن ٹو گیدر کے چیئرمین اور معروف کمیونٹی رہنماء مائیک غوث نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ یہ حقیقت ہے کہ ہم کسی طور بھی کسی بھی مذہب کے پیروکاروں کو یا عقیدے کی بنیاد پر کسی مسلمان کو تنگ نہ کریں کیونکہ یہ باتیں ہمیں دین نے نہیں سکھائیں بلکہ جو لوگ اس طرح کے عمل کرتے ہیں یہ ان کا اپنا ذاتی ایجنڈا ہے اور اسلام کا نام استعمال کر کے وہ اپنے ایجنڈے کی تکمیل کرنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ بعض لوگ گستاخانہ خاکے بنا کر مسلمانوں کے جذبات مجروح کر رہے ہیں لیکن اس کے جواب میں ہمیں بھی چاہئے کہ ہم لوگ اس طرح کے لوگوں کو مکمل طور پر نظرانداز کر دیں اور ان کی ایسی حرکات کو کوئی اہمیت نہ دیں۔ اس موقع پر دیگر مقررین جن میں عظیم شاہی نے اسلام میں عورتوں کے مقام جبکہ دیگر مقررین نے سیرت طیبہ پر روشنی ڈالی جن میں عالم شہاب‘ نوید خان‘ نوشاد رضوی‘ عرفان جعفری رسکوی‘ جوشا لکھنوی شامل ہیں۔ اس موقع پر ڈیلس کے معروف شاعر سید یونس اعجاز اور دیگر نے حضورﷺ کی شان میں اشعار کے ذریعے نذرانہ عقیدت پیش کیا جبکہ نعت خوانوں جن میں امیر اقاسی‘ آمنہ خان اور دیگر نے نعت خوانی کی۔ اس موقع پر ایم کیو ایم ڈیلس کی انچارج باجی نسیم سحر نے آنے والے مہمانوں کا خیرمقدم کیا۔ پروگرام کی نظامت ایم کیو ایم کے رہنماء آل علی نے کی۔ اس موقع پر آنے والے افراد میں نیاز و لنگر تقسیم کیا گیا۔ ڈیلس میں منعقدہ اس محفل میلاد اور نعتیہ مشاعرہ میں ڈیلس کے مرد و خواتین کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی۔

مزید خبریں :