دنیا
26 فروری ، 2015

دہشت گردی کے لحاظ سے2014 دنیا کی تاریخ کا بدترین سال

  دہشت گردی کے لحاظ سے2014  دنیا کی تاریخ کا بدترین سال

کراچی… رفیق مانگٹ....... امریکی نشریاتی ادارے’’فاکس نیوز‘‘ نے اعلی امریکی انٹیلی جنس حکام کے حوالے سے بتایا کہ2014 عالمی دہشت گردی کے لحاظ سے تاریخ کا بدترین سال ثابت ہوا۔2013میں دنیا بھر میں11500دہشت گردی کے حملوںمیں 22ہزار افراد ہلاک ہوئے۔2014کے ابتدائی نو ماہ میں13ہزار دہشت گردانہ حملوں میں 31ہزار افراد ہلاک ہوئے۔عہدیدار نے کہا کہ انسانی تاریخ میں گزشتہ سال عالمی دہشت گردی کے لیے مہلک ترین سال ریکارڈ کیا گیا۔ امریکا کی نیشنل انٹیلی جنس کے ڈائریکٹر جیمز کلیپر نے سخت پیرائے میں بڑھتی ہوئی دہشت گردی کے فہرست پیش کی ۔ انہوں نے انتہا پسندی کے خطرے کے "سنگین" ارتقاء پر کانگریس کے سامنے اس بات کی تصدیق کی ،ان کے پیش کردہ اعدادوشمار اوباما انتظامیہ کے ملک اور دنیا کو آج زیادہ محفوظ بنانے کے دعوی کو چیلنجز کے طور پر لیا جائے گا۔کلیپر نے سینیٹ کی آرمڈ سروسز کمیٹی کو بتایا کہ اعدادوشمار کے مرتب کرنے کا مرحلہ جاری ہے تاہم حتمی اعدادوشمار کے بعد 45 سال میں عالمی سطح پر دہشت گردی کے لحاظ سے مہلک ترین سال2014 کا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ 2013 میں دنیا بھر میں11500دہشت گردی کے حملے ہوئے جن میں 22ہزار افراد ہلاک کردیئے گئے۔ لیکن میری لینڈ یونی ورسٹی کے تحقیقاتی یونٹ کی طرف سے 2014کے ابتدائی نو ماہ کے اعدادوشمار کے مطابق13ہزار دہشت گردانہ حملے کیے گئے جن میں 31ہزار افراد ہلاک ہوئے۔ان مجموعی ہلاکتوں میں نصف صرف عراق،پاکستان اور افغانستان میں ہلاکتیں ہوئیں۔ ان نوماہ میں سب سے زیادہ حملے داعش کی طرف سے کیے گئے۔اس تجزیے کے باوجود وزیر خارجہ جان کیری نے گزشتہ روز ایک الگ سماعت میں یہ کہا کہ بظاہر ہولناک ہلاکتوں کے باوجود امریکیوں اور دیگر دنیا کے لوگوں کے لئے یومیہ خطرات کم ہوئے ہیں جان کیری کا کہنا تھا کہ گزشتہ صدی کے مقابلے میں آج کم ہلاکتیں اور کم متشدد اموات ہوتی ہیں۔ انٹیلی جنس کمیونٹی کے اندر اور قانون سازوں کی طرف سے جان کیری کے اس جواب کی حوصلہ افزائی کی گئی ۔ ڈیفنس انٹیلی جنس ایجنسی کے سابق سربراہ ریٹائرڈ لیفٹیننٹ جنرل فلن مائیکل کا کہنا تھا کہ جان کیری حقیت سے دور ہیں وہ سچائی کا ا دراک نہیں رکھتے۔ وہ واضح طور پر پورے امریکی انٹیلی جنس کمیونٹی کو نہیں سن رہے۔ کلیپر نے یہ بتایا کہ180امریکیوں نے اس خطے میں لڑنے کے لئے سفر کیا انہو ں نے کہا کہ 34سو سے زائد مغربی جنگ جو عراق اور شام گئے۔

مزید خبریں :