03 مئی ، 2012
لندن… مبینہ طور پر اسپاٹ فکسنگ میں ایک برس قید کی سزا پانے والے پاکستانی فاسٹ باوٴلر محمد آصف کی سزا مکمل ہو گئی ہے اور انہیں آج کنٹر بری جیل سے رہا کردیا جائے گا۔ محمد آصف کی رہائی جیل کے کس گیٹ سے ہوگی اس بارے میں حتمی طور پر فیصلہ نہیں ہو سکا تاہم کچھ دیر بعد انکے دوست اور وکیل کی جیل آمد پر یہ بات واضح ہو جائے گی۔ محمد آصف کی وکیل سویتا سکل ( Savita Sukul)منگل کی دوپہر برطانوی وزارت داخلہ کو قائل کرنے میں کامیاب ہو گئیں کہ محمد آصف کو پاکستان بدر نہیں کیا جائے گا اور اس کی ضمانت کے حق کو قبول کیا جا نا چاہئے۔ یہ کہا جاسکتا ہے کہ برطانوی وزارت داخلہ کی طرف سے محمد آصف اسپاٹ فکسنگ کی سزا کے خلاف اپیل کی پیروی کرنے کے لئے نہ صرف برطانیہ میں رہ سکتے ہیں، بلکہ اپنی اپیل کے حتمی فیصلے تک قانونی طور پر برطانیہ میں رہائش بھی رکھ سکتے ہیں ۔محمد آصف کے وکیل نے جیو نیوز سے خصوصی بات چیت کرتے ہوئے کہا انکشاف کیا تھا کہ آصف برطانیہ میں اپنے دوست محمد ہارون کے سا تھ قیام کریں گے ۔