25 جنوری ، 2012
ابو ظہبی … دوسرے ٹیسٹ کے پہلے دن کھیل ختم ہونے تک پاکستان نے انگلینڈ کے خلاف 7 وکٹ پر 256 رنز بنالئے، کپتان مصباح الحق 83 رنز بنا کر ناٹ آوٴٹ ہیں۔ شیخ زید اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے دوسرے ٹیسٹ کے پہلے دن پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ پاکستان کی پہلی وکٹ 51 رنز پر گری جب توفیق عمر 16 رنز بنا کر گریم سوان کی گیند پر آوٴٹ ہوئے۔ پاکستان کے 103 رنز پر 4 کھلاڑی آوٴٹ ہوئے تو ٹیم کچھ مشکلات میں نظر آئی ، محمد حفیظ 31 ، اظہر علی اور سابق کپتان یونس خان 24، 24 رنز بنا کر پویلین لوٹے۔ تاہم اسد شفیق اور مصباح الحق نے ذمہ دارانہ اننگز کھیلتے ہوئے پاکستان کا اسکور 203 رنز تک پہنچایا تو اسد شفیق گریم سوان کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہو آوٴٹ ہوکر 58 رنز پر کپتان کا ساتھ چھوڑ گئے۔ دیگر آوٴٹ ہونے والے پاکستانی کھلاڑیوں میں عدنان اکمل نے 9 اور عبدالرحمان بغیر کوئی رن بنائے اپنی وکٹیں گنوا گئے۔ سعید اجمل کپتان مصباح الحق کے ساتھ کریز پر موجود ہیں۔ انگلینڈ کی جانب سے اسٹورٹ براڈ اور گریم سوان 3، 3 وکٹیں لے کر کامیاب بولرز رہے، جبکہ مونٹی پنیسر نے 91 رنز کے عوض صرف ایک وکٹ لی ۔