16 مارچ ، 2015
سڈنی.........ورلڈ کپ کرکٹ کا پہلا مرحلہ مکمل ہو گیا جس میں 13 ٹیموں کے28 کھلاڑیوں نے 35 سنچریاں اسکور کیں۔کمار سنگا کارا چار سنچریز کے ساتھ ٹاپ پر ہیں تو پاکستان کے سرفراز احمد نے آخری پول میچ میں ٹرپل فیگر اننگز کھیلی ۔کرکٹ کا سب سے بڑا میلہ جس کا 14 فروری کوآغاز ہوا ۔افتتاحی روز ہی آسٹریلیا کےایرون فنچ نے انگلینڈ کے خلاف سنچری داغ دی ۔پھر تو بیشتر میچز میں بلے بازوں کا ہی پلڑا بھاری رہا ۔ایک کے بعد ایک کھلاڑی سنچری بناتا رہا۔سری لنکا کے ماسٹر بیٹسمین کمار سنگا کارا نے تو حد ہی کر دی۔پہلے بنگلا دیش کے خلاف105 رنز بنائے۔پھر انگلینڈ ،آسٹریلیا اور اسکاٹ لینڈ کے خلاف بھی سنچریا ں بنا کر ون ڈے کرکٹ کی نئی تاریخ رقم کر دی۔سنگاکارامسلسل چار میچز میں سنچری بنانے والے پہلے کھلاڑی بن گئے۔میگا ایونٹ میں سری لنکا کے تلکارتنے دلشن نے دو سنچریاں بنائیں جبکہ بھارت کے شیکھر دھون نے بھی دو ٹرپل فیگر اننگز کھیلیں۔بنگلا دیش کے محمود اللہ اور زمبابوے کےبرینڈن ٹیلر نے بھی دو دو سنچری اسکور کی ۔ایک ایک سنچری بنانے والے بھی 23 کھلاڑی ہیں لیکن پاکستان کے سرفراز احمد اس اعتبار سے منفرد ہیں کہ انہیں صرف دو میچز ہی کھیلنے کا موقع دیا گیا ۔مین آف دی میچ تو وہ پہلے میچ میں بھی تھے لیکن پول کے آخری میچ میں انہوں نے پاکستان کی جانب سے میگا ایونٹ میں واحد سنچری بنائی اور مسلسل دوسرا مین آف دی میچ ایوارڈ بھی حاصل کر لیا۔ورلڈ کپ میں شریک صرف افغانستان واحد ٹیم تھی جس کا کوئی کھلاڑی سنچری نہ بنا سکا۔