18 مارچ ، 2015
سڈنی.....ورلڈ کپ کرکٹ کے پہلے کوارٹر فائنل میںبیٹسمینوں کی ناکامی کے باعث سری لنکا نے جنوبی افریقا کو میچ جیتنے کیلئے 134رنز کا ہدف دیا ہے،ڈومینی نے اس ورلڈ کپ کی پہلی ہیٹ ٹرک بنالی۔سڈنی کرکٹ گرائونڈ میں کھیلے جارہے میچ میں سری لنکن کپتان میتھیوزنے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔سری لنکن ٹیم کی اننگز کا آغاز انتہائی مایوس کن رہا اور صرف 4 کے مجموعی اسکور پر اوپننگ جوڑی پویلین لوٹ گئی، کوسل پریرا 3اور دلشان بغیر کوئی رن بنائے بغیر آئوٹ ہوئے۔سنگاکارا اور تھریمانے نے تیسری وکٹ کی شراکت میں 65رنز بنائے، اس موقع پر تھریمانے 41رنز بناکر عمران طاہر کا شکار بن گئے۔ جے وردنے بھی زیادہ دیر وکٹ پر نہ ٹھہر سکے اور صرف 4رنزبناکر آئوٹ ہوگئے۔ ڈومینی نے لگاتار تین گیندوں پر میتھیوز، کلاسیکارا اور کائوشل کو شکار کرکے اس ورلڈ کپ کی پہلی ہیٹ بنالی،کپتان میتھیوز نے19رنز، کلاسیکارایک اور تھریندوکائوشل صفر پر آئوٹ ہوئے۔کائوشل کا یہ پہلا ون ڈے انٹرنیشنل میچ ہے، وہ ورلڈ کپ کے ناک آئوٹ میچ سے ون ڈے کیرئیر ڈبیو کرنے والے دوسرے کھلاڑی ہیں، اس سے قبل 1979 میں انگلینڈ کے ڈبلیو لارکنز نے سیمی فائنل میں اپنے کیریئر کا آغاز کیا تھا۔ سنگاکارا نے محتاط بیٹنگ کرتے ہوئے 94گیندوں پر 45رنز بنائے۔ سری لنکن ٹیم پروٹیز کی جارحانہ بولنگ کا جم کر مقابلہ نہ کرسکی اور صرف 133رنز پر ڈھیر ہوگئی۔صرف 3سری لنکن بیٹسمین ڈبل فیگر میں اسکور کرسکے۔عمران طاہر نے 4،ڈومینی نے 3جبکہ اسٹین ، ایبٹ اور مورکیل نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔