25 مارچ ، 2015
کراچی........ ایم کیو ایم کے تحت اسلام آباد، کراچی،حیدرآبادسمیت مختلف شہروں میں مظاہرے کئے گئے۔ ایم کیو ایم کے رہنماؤں کا کہنا تھا کہ ان کا میڈیا ٹرائل کیا جارہا ہے۔ اسلام آباد میں پیمرا کے دفتر کے سامنے ایم این اے رشید گوڈیل اور خالد مقبول صدیقی اور سینیٹر میاں عتیق نے مظاہرے کی قیادت کی۔ ان کا کہنا تھا کہ ذاتی پسند ناپسند کی بنا پر کسی سیاسی جماعت کو نشانہ نہ بنایا جائے۔ کراچی میں سندھ اسمبلی کے باہرفیصل سبزواری اور سردار احمد، سکھر پریس کلب کے سامنے ممبر صوبائی اسمبلی دیوان چند چاولہ‘ اور زونل انچارج شہزادہ گلفام، میرپور خاص میں ایم کیو ایم کے رکن صوبائی اسمبلی ڈاکٹرظفرکمالی اورحیدرآباد پریس کلب کے سامنے ایم کیوایم زونل انچارج نوید شمسی، راشد ممتاز اور ارکان سندھ اسمبلی رانا انصار، صابر قائم خانی اور راشد خلجی کی قیادت میں مظاہرہ کیا گیا۔ ایم کیوایم کے رہنماؤں نے کہا کہ ایم کیوایم ایک منظم سیاسی جماعت ہے اس کا میڈیا ٹرائل بند کیاجائے،رہنماوں نے سپریم کورٹ سے نوٹس لینے کا مطالبہ بھی کیا۔