27 مارچ ، 2015
اسلام آباد ......عمران خان نے پہلے کہاتھاکہ دھرنے میں ان کے لوگ شامل نہیں، لیکن آج سامنے آنے والی گفتگو میں ان کا ردعمل کچھ اور ظاہر کرتا ہے ، اسلام آباد میں حکومت کے خلاف تحریک انصاف کا دھرنا زورو شور سے جاری تھا ، دھرنے کے دوران ہی یہ یکم ستمبر 2014ء کا دن تھا جب مشتعل افراد پاکستان کے اسٹیٹ ٹیلی وژن چینل کے دفتر میں گھس گئے اور توڑ پھوڑ کی ، اس دوران پی ٹی وی کی نشریات بھی معطل ہوکر رہ گئی ، لیکن عمران خان نے تردید کی کہ وہ اس حملے میں شامل نہیں ۔آج منظر عام پر آنے والی گفتگو میں عمران کو عارف علوی نے بتایا کہ لوگ پی ٹی وی میں گھس گئے ہیں ۔تحریک انصاف کے رہنما عمران اسماعیل تسلیم کرتے ہيں کہ یہ آوازیں عمران خان اور عارف علوی کی ہی ہیں ساتھ ہی یہ بھی کہاکہ الفاظ جوڑے اور توڑے گئے ۔دوسری جانب عارف علوی نے سوشل میڈيا پر اپنے بیان میں کہاکہ سامنے آنے والی گفتگو میں ان کی اور عمران خان کی آوازیں اصلی ہيں لیکن کسی نے الفاظ کو آگے پیچھے کیا ہے کوئی شخص قانونی اختیار کے بغیر فون کالز ریکارڈ کررہا ہے ، انہوں نے دھرنے کے وقت متحدہ سمیت تمام جماعتوں سے کہا تھاکہ ان کے ساتھ آئے۔