پاکستان
01 اپریل ، 2015

پاکستان کو اسلامی و خوشحال ملک بنانے کیلئے کوشاں ہیں:سراج الحق

پاکستان کو اسلامی و خوشحال ملک بنانے کیلئے کوشاں ہیں:سراج الحق

لاہور........امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی پاکستان کو ایک اسلامی و خوشحال ملک بنانے کیلئے کوشاں ہے،ہم دیانتداری سے ملک و قوم کی خدمت کرنا چاہتے ہیں تاکہ عوام کی 68سالہ محرومیوں کا ازالہ کیا جاسکے ،ملک سے استحصالی اور ظالمانہ طبقاتی نظام کے خاتمہ کیلئے عوام اللہ اور اس کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم کے نظام کی طرف آئیں، ملک پر برسرِاقتدار رہنے والی حکومتوں نے عوام سے تعلیم صحت اور روز گار کے مواقع چھین کر انہیں جہالت اور غربت کے اندھیروں میں دھکیل دیا ہے۔ جماعت اسلامی کے پریس ریلیز کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے حلقہ انتخاب میں مختلف ترقیاتی منصوبوں کی افتتاحی تقریبات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر امیر جماعت اسلامی ضلع دیر اعزاز الملک افکاری اور ضلعی جنرل سیکریٹری جہان بادشاہ بھی موجود تھے۔ گورنمنٹ گرلز ڈگری کالج پلوسو(معیار)کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سراج الحق نے کہا کہ ضلع بھر کے تعلیمی اداروں میں فوج نے ڈیرے ڈالے رکھے اور تعلیمی ادارے فوجی چھائونیوں میں تبدیل ہوگئے جس سے علاقے کے لاکھوں بچے تعلیم جیسی نعمت سے محروم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں ابھی تک کوئی تعلیمی پالیسی نہیں، ملک میں کئی طرح کے تعلیمی نظام ہیں، امیروں اور غریبوں کے الگ الگ تعلیمی ادارے اور نصاب ہیں، امیر اپنے بچوں کو غریبوں کے اسکولوں میں بھیجنے کیلئے تیار نہیں اور نہ ان کا علاج پاکستانی اسپتالوں میں کرواتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ الگ الگ تعلیمی نصاب قومی یکجہتی کو شدید نقصان پہنچا رہے ہیں،امیروں کے تعلیمی اداروں میں ایک اشرافیہ کلاس پید اہورہی ہے جو سمجھتے ہیں کہ وہ صرف حکمرانی کیلئے ہیں اور غریب کو سکھایا جارہا ہے کہ اس کا کام ٹیکس دینا ہے اور حکمران کلاس کی خدمت کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی ظلم کے اس نظام کو ہمیشہ کیلئے دفن کردینا چاہتی ہے،ہم اقتدار میں آکر ملک میں یکساں نظام تعلیم اور یکساں نصاب رائج کریں گے، جس اسکول میں صدر اور وزیر اعظم کا بیٹا پڑھے گا اسی میں محنت کش اور مزدو ر اور کسان کا بیٹا تعلیم حاصل کرے گا۔انہوں نے کہا کہ ہم قومی زبان اردو کو سرکاری زبان کا درجہ دیں گے اور تعلیم مفت اور پاکستانی زبانوں میں دی جائے گی۔ثمر باغ دیر میں اسٹیڈیم کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ ملک میں کرکٹ کے ساتھ ساتھ فٹ بال، ہاکی اور علاقائی کھیلوں کو بھی ترقی دینے کی واضح منصوبہ بندی کی جائے اور اس کیلئے ایک روڈ میپ تیار کیا جائے۔ اس موقع پر انہوں نے کارکنان کو 7مئی کو ہونے والے ضمنی الیکشن میں کامیابی کیلئے ہر فرد تک پہنچنے اور جماعت اسلامی کا پیغام پہنچانے کی ہدایت کی ۔سراج الحق نے لنک روڈ مزین بانڈہ،واٹر سپلائی اور سولنگ کے منصوبوں کا بھی افتتاح کیا ۔

مزید خبریں :