01 اپریل ، 2015
کراچی ........کراچی میں ایم کیو ایم کے مرکز نائن زیرو پر رینجرز کے آپریشن نے سیاسی ہلچل پیدا کردی اور کوئی اس آپریشن کی حمایت تو کوئی مخالفت کرتا نظر آیا۔ پاکستانی عوام اس بارے میں کیا رائے رکھتے ہیں؟؟کراچی میں جاری آپریشن اُس وقت ڈرامائی موڑ اختیار کرگیا جب رینجرز نے متحدہ کے مرکز نائن زیرو پر چھاپہ مارا۔ اِس چھاپے کو کتنے فیصد پاکستانی صحیح سمجھتے ہیں ؟اس بارے میں جاننے کے لئے جیو نیوز،جنگ اخبار اور دی نیوز نے گیلپ پاکستا ن کے تعاون سے ملک بھر میں سروے کیا، جس میں 14 سو سے زائد افراد نے حصہ لیا۔ سروے میں عوام سے پوچھا گیا کہ کیا رینجرز کا متحدہ قومی موومنٹ کے مرکز 90 پر آپریشن کرنے کا فیصلہ درست تھا؟جواب میں سروے میں شامل 74 فیصد افراد نے رینجرز کے اِس عمل کو درست کہا، جبکہ 25 فیصد نے اِسے غلط کہا۔ایک فیصد نے اس سوال کا کوئی جواب نہیں دیا۔جس کےبعد عوام سے مزید پوچھا گیا کہ کراچی میں حالات کی درستگی کے لیئے رینجرز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے جو آپریشن کررہے ہیں کیا اسے جاری رہنا چاہیے؟ جواب میں 78فیصد افراد کا کہنا تھا کہ جی ہاں اس آپریشن کو جاری رہنا چاہیے، جبکہ 21فیصد کا کہنا تھا کہ اس آپریشن کو روک دینا چاہیے۔ 1فیصد نےاس سوال کاکوئی جواب نہیں دیا۔ سروے میں عوام سے اس رائے پر بھی اظہار کرنے کو کہا گیا کہ جس میں رینجرز کے آپریشن کو کوئی سیاسی تو کوئی غیر سیاسی خیال کرتا ہے۔ اس رائے پر سروے میں شامل 63فیصد افراد کا کہنا تھا کہ ان کے خیال میں رینجرز کا آپریشن غیر سیاسی ہے اور یہ بلاتفریق ہے جبکہ 36فیصد کا کہنا تھا کہ یہ آپریشن سیاسی ہے۔ 1 فیصد نے اس سوال کا کوئی جواب نہیں دیا۔