پاکستان
01 اپریل ، 2015

لندن:محمد انور کا بیان دینے سے انکار، وکیل کے ذریعے جواب دیں گے

لندن:محمد انور کا بیان دینے سے انکار، وکیل کے ذریعے جواب دیں گے

لندن........لندن میٹرو پولیٹن پولیس نے متحدہ قومی موومنٹ کے رہنما محمد انور کو منی لانڈرنگ کیس میں گرفتار کرلیا ہے۔ ایم کیو ایم نے گرفتاری کی تصدیق کردی ہے۔ محمد انور نے پولیس کو بیان دینے سے انکارکردیا۔ کہتے ہیں کہ وکیل کے ذریعے جواب دیں گے۔محمد انور کے ساتھ متحدہ کے وکلا کا پینل پولیس اسٹیشن میں موجود ہے۔دوسری طرف محمد انور کے گھر پر تلاشی کا عمل گزشتہ 12گھنٹے سے جاری ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ لندن پولیس کے کاؤنٹر ٹیرر ازم ڈپارٹمنٹ نے محمد انور کو آج صبح نارتھ ویسٹ لندن میں ان کی رہائش گاہ سے گرفتار کیا۔ ان کے اہل خانہ کو کسی دوسرے مقام پر منتقل کردیا گیا اور گھر کی تلاشی بھی لی گئی۔لندن پولیس نے محمد انور کا موبائل فون بھی اپنی تحویل میں لے لیا ہے اور اُن سے کسی کا رابطہ نہیں ہے۔ محمد انور کے گھر میں اب بھی کم از کم 8پولیس اہلکار موجود ہیں جبکہ وہاں سے کچھ مواد پولیس نے اپنی تحویل میں لیا ہے۔ یہ منی لانڈرنگ کیس میں چھٹی گرفتاری ہے۔ دوسری طرف لندن میٹرو پولیٹن پولیس نے بس اتناہی کہا ہےکہ منی لانڈرنگ کیس میں 64سالہ ایشیائی شخص کو گرفتار کیا گيا ہے، قانون کے مطابق گرفتار شخص کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی۔تاہم کراچی میں متحدہ قومی موومنٹ نے محمد انور کی گرفتاری کی تصدیق کردی ہے۔ پارٹی رہنما حیدر عباس رضوی نے جیو سے گفتگو میں بتایا کہ متحدہ قومی موومنٹ لندن پولیس سے تعاون کررہی ہے۔دوسری طرف متحدہ کی رہنما خوش بخت شجاعت نے کہاکہ انہیں یہ تو معلوم ہے کہ گرفتاری عمل میں آئی ہے لیکن یہ نہیں معلوم کہ یہ منی لانڈرنگ کا پرانا کیس ہے یا نیا کیس ہے۔ لندن میں موجود متحدہ کے رہنما قاسم علی رضا نے بتایا کہ محمد انور کے ساتھ متحدہ کے وکلا کا پینل پولیس اسٹیشن میں موجود ہے۔

مزید خبریں :