09 اپریل ، 2015
کراچی ......پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن کمپنی لمیٹڈ، پہلا انٹرٹیلی کام کرکٹ ٹورنامنٹ’پاکستان ٹیلی کام کرکٹ لیگ 2015ء‘ منعقد کررہا ہے، جس میں ملک کے معروف ٹیلی کام کمپنیوں کی ٹیمیں آمنے سامنے ہوں گی۔ انٹر ٹینمنٹ سے بھر پور اس ٹورنامنٹ میں پی ٹی سی ایل، یو فون، پی ٹی اے، این ٹی سی، زونگ، موبی لنک ،ٹیلی نار، وارد، ورلڈ کال اور وائی۔ٹرائب کی ٹیمیں نبرد آزما ہوں گی ۔اس دو روزہ ٹورنامنٹ کا انعقاد شالیمار کرکٹ گرائونڈ اسلام آباد میں ہوگا،جو فیمیلیز اور بچوں کے لئے بے شمار دلچسپیوں کا حامل ہوگا، جس میں کھانے اور تفریحی سرگرمیوں کے اسٹال، موسیقی اور ریفل قرعہ اندازی شامل ہے۔ ابتدائی رائونڈ کے میچ جمعہ 10 اپریل کو منعقد ہوں گے، جب کہ سیمی فائنلز اور فائنل میچ ہفتہ 11 اپریل کوہوں گے جس کے بعد اختتامی تقریب منعقد ہو گی۔ کرکٹ نہ صرف ایک کھیل بلکہ ایک قومی جذبے کی حیثیت بھی رکھتا ہے۔پی ٹی سی ایل پاکستان کی قومی کرکٹ ٹیم کاسپورٹر ہے اور کمپنی نے پاکستانی عوام کو اسمارٹ ٹی وی ایپ پر بغیر کسی اشتہار کے کرکٹ ورلڈ کپ 2015 ء کے میچز دیکھنے کا موقع بھی فراہم کیا۔