10 اپریل ، 2015
لندن ......متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے یمن کی صورتحال پر قرار داد متفقہ طور پر منظورکئے جانے پر پارلیمانی کمیٹی کو مبارکباد پیش کی ہے۔لندن سے جاری ایک بیان میں قائد تحریک الطاف حسین نے کہاکہ یمن اور سعودی عرب کے درمیان جاری جنگ میں پاکستان کا فریق نہ بننا انتہائی خوش آئند ہے اور اس کے مثبت ثمرات جلد ہی مسلم امہ اور خطے پر رونما ہونگے ۔ انہوں نے کہاکہ پارلیمنٹ میں متفقہ طور پر منظور کی گئی ،قرار داد میں یمن کے معاملے پر مسلم امہ اور عالمی برادری سے کردار ادا کرنے کی اپیل کی گئی ہے اور ہم امید کرتے ہیں کہ اس قرار داد کے اچھے نتائج برآمد ہوں گے اور یمن کی خانہ جنگی کو مذاکرات ، بات چیت اور افہام و تفہیم کے ذریعے ختم کرانے کیلئے مسلم امہ اور عالمی برادری اپنی تمام توانائیوں اور صلاحیتیوں کو استعمال کرے گی۔