10 اپریل ، 2015
راول پنڈی.........کور کمانڈرز کانفرنس میں کہا گیا ہے کہ یمن اور مشرق وسطیٰ میں سیکیورٹی صورتحال ابتر ہونے سے خطے پر منفی اثرات مرتب ہوسکتے ہیں۔ آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے انٹیلی جنس بنیاد پر دہشت گردوں کے خفیہ ٹھکانے ختم کرنے کی کارروائیاں تیز کرنے کی ہدایت کر دی۔ آرمی چیف جنرل راحیل شریف کی زیر صدارت کورکمانڈر کانفرنس جی ایچ کیو راول پنڈی میں ہوئی جس میں جنگ زدہ یمن اور مشرق وسطیٰ کی صورتحال سمیت آپریشن ضرب عضب اور ملکی سیکیورٹی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق کور کمانڈرز کانفرنس میں کہا گیا کہ یمن اور مشرق وسطیٰ میں سیکیورٹی صورتحال ابتر ہونے سے خطے پر منفی اثرات مرتب ہوسکتے ہیں ۔ آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے آپریشن ضرب عضب سمیت دہشت گردی کے خلاف جاری آپریشنز میں پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کیا۔ آرمی چیف نے کہا کہ تمام کمانڈرزپورے ملک سے دہشت گردی کے خاتمے پر توجہ مرکوز رکھیں ،معاشرے سے شدت پسندی کے خاتمے کے لیے قومی ایکشن پلان پر پوری طرح عمل درآمد کی ضرورت ہے۔ آرمی چیف نے ہدایت کی کہ انٹیلی جنس بنیاد پر دہشت گردوں کے خفیہ ٹھکانے ختم کرنے کی کارروائیاں تیز کی جائیں اور شہروں میں دہشت گردوں کے سلیپر سیلز کے خاتمے کے لیے بھی انٹیلی جنس کارروائیوں میں تیزی لائی جائے۔