11 اپریل ، 2015
عمرکوٹ ...........سندھ کے ضلع عمرکوٹ کو،جودھا اکبر اور عمر ماروی کے حوالے سے تو شہرت حاصل ہی ہے ،مگر حال ہی میں جے پور کی راجکماری اور رانا جاگیر کے کُنور کی شادی نے ماضی کے اِن رومانوی و تاریخی کرداروں کی یاد دوبارہ تازہ کر دی ۔عمرکوٹ کی رانا جاگیر میں اپنے سسرالی اجداد کی تصاویر دیکھنے والی یہ نو بیاہتا دلہن راجکماری پدمنی ہے ،راجکماری پدمنی کا تعلق بھارتی صوبے راجستھان کی کر نوتہ اسٹیٹ سے ہے ،راجکماری پدمنی اور اسکا دلہا کنور کرنی سنگھ اس سنجوگ سے انتہائی خوش دکھائی دیتے ہیں ۔ اس نئے رشتے نے نہ صرف ان دو افراد کو ملایا ہے بلکہ یہ عمل اب سرحد کے دونوں جانب بسنے والے رشتہ داروں کے لئے بھی امید کا پیغام ثابت ہوا ہے ۔اگرچہ اس شادی کو اب کئی روز گزر چکے ہیں مگر رانا جاگیر میں اب تک جشن کا سماں ہے ،بھارتی بیٹی جب بہو بن کر رانا جاگیر میں آئی تو اسکا شاندار استقبال کیا گیا ۔ڈھول شہنائیوں پہ رقص ہوئے اور فنکاروں نے انکی شان میں قصیدے پڑھے، نئی مہمان کو جلوس کی شکل میں رانا جاگیر تک لایا گیا راجکماری اتنی پزیرائی پہ نہ صرف خوش دکھائی دیتی ہیں بلکہ وہ تھر کے غریب مکینوں کے لئے کچھ کام بھی کرنا چاہتی ہیں۔مقامی افراد کا کہنا ہے کہ یہ شادی نہ صرف علاقہ بلکہ دونوں ملکوں کے عوام کی توجہ کو مرکز بنی ہوئی ہے۔ اُنکا کہنا ہے کہ اِس خوبصورت جوڑے نے جودھا اکبر کی یاد تازہ کر دی ہے۔