06 مئی ، 2012
اسلام آباد…وزارت خزانہ کے مطابق آئندہ وفاقی بجٹ کاحجم 30کھرب روپے کے لگ بھگ ہوگا اور بجٹ کے اعلان کیلئے حتمی تاریخ کا فیصلہ کل تک ہو جائے گا ، اسلام آباد میں وفاقی وزیر خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ کی سربراہی میں آئندہ مالی سال کے وفاقی بجٹ کی تیاریوں اور ایف بی آر کی طرف سے آئندہ مالی سال کے لیئے ٹیکسوں کے ہدف کا جائزہ لینے کیلئے اجلاس ہوا ، جلاس کے بعد ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ نے جیو نیوز کو بتایا کہ بجٹ پچیس مئی کو پیش ہو گا یا یکم جون کو ، جیونیوز کے ایک سوال پر کہ آپ دو تاریخیں کیوں دے رہے ہیں اس پر وزیر خزانہ نے جواب دیا کہ جب ہم دو تاریخیں دیں تو اس کا مطلب ہے ،آخری والی تاریخ ٹھیک ہو گی۔حکام وزارت خزانہ نے جیو نیوز کو بتایا ہے کہ وزیراعظم نیا وفاقی بجٹ 25 مئی کو پیش کرنے کی پہلے ہی منظوری دے چکے ہیں تاہم وفاقی بجٹ کی تاریخ کو آگے بڑھانے پر غور کیا جارہا ہے، حکام وزارت خزانہ کے مطابق آئندہ مالی سال کے لئے وفاقی بجٹ کا حجم 30 کھرب روپے کے لگ بھگ ہوگا۔