12 اپریل ، 2015
........ پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن کمپنی لمیٹڈ کی جانب سے منعقد ہ پاکستان ٹیلی کام کرکٹ لیگ 2015 ء اسلام آباد کے شالیمار گراؤنڈ میںاختتام پذیرہوئی۔چیئرمین پی ٹی اےاسماعیل شاہ ایونٹ کے پیٹرن ان چیف تھے جبکہ وفاقی وزیر مشاہد اللہ خان مہمان خصوصی تھے۔ پی ٹی سی ایل کے چیف ایگزیکٹو آفیسر اور پریذیڈنٹ ولید ارشید نے مہمانوںکا خیرمقدم کیا۔ پاکستان کرکٹ کے مایہ ناز کھلاڑی شاہد خان آفریدی نے بھی فائنل میچ گرائونڈ میں دیکھا ، بعد ازاںانھوں نے شاندار پرفارم کرنے والوں میں انعامات بھی تقسیم کیے۔ اس موقع پر سابق ٹیسٹ کرکٹر محمد وسیم بھی اسٹیج پرموجود تھے۔اس پہلے انٹر ٹیلی کام کرکٹ ٹورنامنٹ میں دونوں دن عمدہ کرکٹ کھیلی گئی اور فائنل میچ میں کانٹے کا مقابلہ ہوا۔ پی ٹی سی ایل،ٹیلی نار، یو فون، پی ٹی اے، این ٹی سی، زونگ، موبی لنک، وارد، ورلڈ کال اور وائی ٹرائب کی ٹیموں نے پاکستان ٹیلی کام کرکٹ لیگ 2015 ء ٹرافی جیتنے کے لیے عمدہ کھیل پیش کیا۔فائنل کی ٹرافی ٹیلی نارکی ٹیم نے حاصل کی جبکہ پی ٹی سی ایل کی ٹیم رنر اَپ رہی۔ سیمی فائنل میچز موبی لنک اورپی ٹی سی ایل ،ٹیلی نار اور ورلڈ کال کی ٹیموں کے درمیان کھیلے گئے۔ بیسٹ پلیئر آف دی ٹورنامنٹ کا اعزاز ٹیلی نار کے ارسلان کو حاصل ہوا۔ ٹورنامنٹ کے بہترین بیٹسمین پی ٹی سی ایل کے حمزہ خان نیازی جبکہ بہترین بائولر ٹیلی نار کے اسفند یار قرار پائے۔ ٹیلی کام سیکت کی اہم شخصیات نے اختتامی تقریب میں شرکت کی۔ تقریبِ تقسیمِ انعامات سے خطاب کرتے ہوئے پی ٹی سی ایل کے چیف ہیومن ریسورس آفیسر سیّد مظہر حُسین نے کہاکہ کرکٹ ہمارے معاشرے کو جوڑے رکھنے والی ایک ڈور کی مانند ہے جس سے اجتماعی خوشی ، اُمید اور باہمی احترام کے جذبات متحر ّک ہوتے ہیں۔ پی ٹی سی ایل انٹر ٹیلی کام کرکٹ ٹورنامنٹ 2015 ء ان اہم اقدار کا ایک جشن ہے جو ہمارے عوام کو عظیم بناتی ہیں۔دو روزہ تفریحی تقریب میں فیملیز اور بچّوں کے لیے متعدد دلچسپیاں موجود تھیں، خواتین، بزرگوں اور بچّوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔