07 مئی ، 2012
صنعاء … یمن میں القاعدہ کے سینئر رہنما کی ڈرون حملے میں ہلاکت پر جنگجو بپھر گئے اور 2فوجی ٹھکانوں پر تابڑ توڑ حملے کرکے کم از کم 20 فوجی ہلاک کرڈالے جبکہ حملے میں درجنوں فوجی زخمی بھی ہوئے ہیں۔ عرب ٹی وی کے مطابق یہ دوہرا حملہ علی الصباح یمن کے جنوبی صوبہ ابین کے شہر زنجبار میں قائم 2فوجی ٹھکانوں پر کئے گئے تھے۔ خیال کیا جاتا ہے کہ یہ حملہ گزشتہ روز جنوبی یمن کے صوبہ شبوہ میں امریکی ڈرون حملے کے نتیجے میں القاعدہ سینئر کمانڈر فہد القصع کی 2ساتھیوں سمیت ہلاکت پر انتقامی کارروائی ہے۔ فہد القصع جزیرہ عرب میں القاعدہ کا سینئر رہنما سمجھا جاتا ہے اور دنیا کے خطرناک مطلوبہ افراد کی فہرست میں دسویں نمبر پر ہے اور ان پر اکتوبر 2001ء میں عدن کی ایک بندرگاہ کے قریب امریکی جنگی بحری جہاز یو ایس ایس کول کو تباہ کرنے کا الزام ہے۔ یمنی عدالت نے اسے 10 سال قید کی سزا سنائی تھی، تاہم وہ 2005ء میں 22ساتھیوں سمیت جیل سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا تھا۔ اس سے قبل اس پر 5 مرتبہ ڈرون حملے کیے گئے تھے تاہم وہ ہر بار بچ نکلنے میں کامیاب ہو جاتا تھا۔