کھیل
07 مئی ، 2012

بھارتی لیگ کھیلنے والے 5 ہاکی کھلاڑی انضباطی کمیٹی کے سامنے پیش

بھارتی لیگ کھیلنے والے 5 ہاکی کھلاڑی انضباطی کمیٹی کے سامنے پیش

لاہور … بھارت میں ورلڈ ہاکی سیریز کھیلنے والے 5 کھلاڑیوں نے انضباطی کمیٹی کے سامنے اپنا موٴقف پیش کردیا ، 3 کھلاڑی کمیٹی کے سامنے پیش نہ ہو ئے تو کمیٹی کے 3اراکین بھی اجلاس سے غیر حاضر تھے۔ نیشنل ہاکی اسٹیڈیم لاہور میں انضباطی کمیٹی کے اجلاس میں کھلاڑیوں نے چیئرمین واسع جلیل اور فاروق خان کے سامنے اپنا دو ٹوک موٴقف پیش کیا۔ پاکستان ہاکی فیڈریشن نے 8 کھلاڑیوں کو شوکاز نوٹس جاری کیا تھا ۔ شکیل عباسی، ریحان بٹ ، ذیشان اشرف، طارق عزیز اور وسیم احمد نے کمیٹی کو بتایا کہ وہ بھارت میں لیگ کھیلنے پر کیوں مجبور ہوئے۔ عمران وارثی اور عدنان مقصود بیرون ملک لیگ کھیلنے کی وجہ سے سماعت کیلئے نہیں پہنچے۔ مدثرعلی خان نے کمیٹی کو کوئی اطلاع نہیں دی۔ 5 رکنی کمیٹی میں شامل تنزیلہ عامر اور صغیر احمد بیرون ملک ہیں جبکہ سعید خان مصروفیات کے باعث شریک نہ ہوسکے۔ پی ایچ ایف انضباطی کمیٹی کے چیئرمین واسع جلیل کا کہنا ہے کہ اگر ایک بھی رکن ہوتو کمیٹی اپنی کارروائی کر سکتی ہے۔ کمیٹی کے دوسرے اراکین کے ساتھ مشاورت کرکے پی ایچ ایف کو سفارشات بھجوا دی جا ئیں گی۔ کمیٹی کا کہنا ہے کہ وہ کھلاڑیوں پر کسی قسم کی تلوار نہیں لٹکانا چاہتی اس لئے فیصلہ جلد ہوگا۔کھلاڑیوں کا کہنا ہے کہ فیصلہ ان کے حق میں ہو گا کیونکہ انہوں نے ورلڈ سیریز ہاکی سے معاہدے 31 مارچ 2011ء سے پہلے کئے تھے ۔

مزید خبریں :