21 اپریل ، 2015
بارسلونا.......شفقت علی رضا.......اسپین میں مقیم تارکین وطن پاکستانیوں کی بڑھتی ہوئی تعداد نے آئندہ ہونے والے بلدیاتی الیکشن میں اسپین کی سیاسی پارٹیوں کی توجہ اپنی طرف مبذول کرا لی ہے۔تفصیلات کے مطابق اسپین کے سب سے بڑے صوبے کاتالونیا کے دارلحکومت بارسلونا میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کی تعداد اور ووٹ بینک نے مقامی سیاسی پارٹیوں کی توجہ حاصل کر لی ہے جس کی وجہ سے کئی سیاسی پارٹیوں نے پاکستانیوں کو بلدیہ کے کونسلرز کے الیکشن میں حصہ لینے کے لئے ٹکٹ دیئے ہیں۔ بارسلونا کے نواحی علاقے بلدیہ ’’مونت کادہ‘‘ میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کی سماجی شخصیت چوہدری مظہر وڑائچانوالہ کو امیگرانٹس دوست پارٹی آئی سی وی (گرین پارٹی) نے امیدوار برائے کونسلر کا ٹکٹ دیا ہے۔ بارسلونا کی مختلف بلدیات میں جن میں بارسلونا سٹی، مونت کادہ، سیاو تات بیا میں سیاسی پارٹیوں نے پاکستانیوں کو الیکشن ٹکٹ دیئے ہیں جہاں پاکستانیوں کی سیاسی سر گرمیاں عروج پر ہیں۔ بلدیہ مونت کادہ کی امیدوار برائے ’’میئر‘‘ سے ملاقات میں چوہدری مظہر وڑائچانوالہ نے کہا کہ میرا انتخابی لسٹ میں نام آنا تمام پاکستانیوں کے تعاون اور آئی سی وی سیاسی جماعت کی وجہ سے ممکن ہوا ہے۔ اس موقع پر راجہ ٹیپو، راجہ شعیب ستی، علی اکبر کمبوہ، محقق سہیل حید، اظفر کھوسے اور دوسرے پاکستانی بھی موجود تھے جنہوں نے گرین پارٹی کے عہدیداران کا شکریہ ادا کیا اور چوہدری مظہر وڑائچانوالہ کو بلدیہ مونت کادہ میں کونسلر کا الیکشن لڑنے کی اجازت ملنے پر مبارک باد دی۔