پاکستان
14 مئی ، 2015

کالعدم تنظیموں نے ملک بھر میں جڑیں مضبوط کرلیں ، خالد مقبول

کراچی.......متحدہ قومی موومنٹ کے فلاحی ادارے خدمت خلق فائونڈیشن کے زیراہتمام سانحہ صفورا گوٹھ میں شہید ہونے والے اسماعیلی برادری کے افراد کی تدفین کے موقع پر سخی حسن قبرستان کے باہر کیمپ لگایا گیا جہاں ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی کے ارکان ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی ، عبد الحسیب ، عظیم احمد فاروقی ،حق پرست اراکین قومی وصوبائی اسمبلی موجود تھے ۔ کیمپ سے نما زجنازہ کے شرکاء کی رہنمائی کی گئی اور انہیں سہولیات فراہم کی گئیں ۔ اس موقع پر رابطہ کمیٹی کے ارکان اور حق پرست ارکان قومی وصوبائی اسمبلی نے تدفین کے شرکاء کو ٹھنڈا پانی پلایا اور ان سے سانحہ پر دلی افسوس کااظہار کرتے ہوئے انہیں صبر کی تلقین کی ۔ بعدازاںرکن رابطہ کمیٹی ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے میڈیا کے نمائندگان سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ صفورا گوٹھ بڑا سانحہ ہے اور اس میں ملوث سفا ک دہشت گردوں نے ظلم و بربریت کی انتہاء کردی ہے،ہم نے اسلام آباد میں ے پی سی میں کہاکہ وزیراعظم کراچی چلیں جس پر ہم ان کے کراچی آنے پر شکر گزار ہیں ،کراچی میں بہت ساری چیزیں حقیقت کی روشنی میں کرنے کی ضرورت ہے ، کل جو کچھ ہوا ہے اس سے پتا چل گیا ہے کراچی کتنے بڑے خطرے میں ہے،دہشت گردوں کو ڈھونڈنے کی ضرورت نہیں ہے کیونکہ انہوں نے بڑی بڑی آبادیاں بنا رکھی ہیں ، اب کراچی میں دہشت گردوں کے خلاف بھر پور اور منظم آپریشن کی ضرورت ہے ۔ انہوں نے کہاکہ وزیراعلیٰ سندھ بتائیں کہ وہ دہشت گردوں کو پکڑنے میں کیوں ناکام ہورہے ہیں اور اپنی اس ناناکامی پر استعفیٰ دیدیں ۔ انہوں نے الطاف حسین کی جانب سے سانحہ صفورا گوٹھ میں شہید ہونے والے تمام افراد اور اسماعیلی کمیونٹی کے رہنمائون سے دلی تعزیت وہمدردی کااظہا رکیا اور کہا کہ دکھ کی اس گھڑی میں پاکستانی قوم سوگواران کے غم میں برابر کی شریک ہے ۔ اس موقع پر سندھ اسمبلی میں ایم کیوایم کے اپوزیشن لیڈر خواجہ اظہار الحسن نےکہا کہ اسماعیلی برادری کے لوگ پرامن ہیں اور یہ لوگ پاکستان سمیت پوری دنیا میں پرامن طریقے سے رہتے ہیں ۔ دہشت گردوں نے پرامن اسماعیلی برادری کو نشانہ بناکر کراچی کاامن تباہ کرنے کی سازش کی ہے ۔دریں اثنامتحدہ قومی موومنٹ کے اراکین قومی اسمبلی نے سانحہ صفورا گوٹھ میں اسماعیلی برادری پر سفاکانہ حملے کے خلاف قومی اسمبلی سیکریٹریٹ میں تحریک التواء جمع کرادی ہے ۔یہ تحریک التوا ء قومی اسمبلی میں ایم کیوایم کے پارلیمانی لیڈر رشید گوڈیل ، حق پرست اراکین قومی اسمبلی ڈاکٹر فاروق ستار ، آصف حسنین ، سفیان یوسف ، ڈاکٹر فاروق ستار ، مزمل قریشی اور کنور نوید جمیل نے اپنے دستخطوں کے ساتھ جمع کرائی ہے ۔

مزید خبریں :