19 مئی ، 2015
کراچی..........انسداد دہشتگردی کی عدالت نے ذوالفقار مرزا کی عبوری ضمانت میں 30 مئی تک توسیع کر دی۔ سندھ ہائی کورٹ کی جانب سے ضمانت میں توسیع کے باوجود ذوالفقار مرزا نے عدالت سے نکلنے سے انکار کردیا ہے۔ سندھ ہائی کورٹ نے سیکریٹری داخلہ کو فوری طور پر طلب کرلیا۔ سابق وزیرداخلہ سندھ ڈاکٹر ذوالفقار مرزا عبوری ضمانت کی مدت ختم ہونے پر آج کراچی میں انسداد دہشت گردی کی عدالت میں پیش ہوئے۔ عدالت نے ذوالفقار مرزا اور ان کے حامیوں کے خلاف انسداد دہشت گردی ایکٹ کے تحت درج تین مقدمات میں 19 مئی تک عبوری ضمانت دی تھی ۔ ذوالفقار مرزا اور ان کے حامیوں کے خلاف بدین میں ہنگامہ آرائی اور دہشت پھیلانے کے الزام پر مقدمات درج کیے گئے تھے۔دوسری جانب پولیس نے انسداد دہشت گردی کی عدالت کی طرف جانے والی سڑک کو کنٹینرز لگا کربند کردیا۔ عدالت کے اطراف پولیس اور کمانڈو پولیس کی بھی بھاری نفری تعینات ہے۔