دنیا
21 مئی ، 2015

اسپین:امیگرنٹس کوتعصب اور نسل پرستی کا سامنا ہے،آئی سی وی

اسپین:امیگرنٹس کوتعصب اور نسل پرستی کا سامنا ہے،آئی سی وی

بارسلونا......شفقت علی رضا...... اسپین میں 24مئی کو بلدیاتی انتخابات ہو رہے ہیں جن میں مختلف سیاسی جماعتیں اپنی پالیسیاں لئے میدان میں اتری ہیں۔ اسپین کی امیگرانٹس دوست پارٹی آئی سی وی تارکین وطن کے حقوق کا نعرہ لے کر بلدیاتی انتخابات کو جیتنے کی کوشش میں ہے۔ آئی سی وی کا کہنا ہے کہ پورا یورپ اسلام فوبیا کا شکار ہے اور اسپین اور کاتالونیہ کی سیاست میں کئی سیاسی جماعتیں اسے بطور ہتھیار استعمال کر رہی ہیں اور بادالونا کا متعصب میئر بھی اس کا بے دریغ استعمال کررہا ہے۔ ان خیالات کااظہار بادالونا سے ’’آئی سی وی اور کمیوں‘‘ اتحاد کے میئر کیلئے امیدوار آلیکس مانیس نے سماجی کارکن شہزاد اکبر وڑائچ اور قرطبہ ہال کے ڈائریکٹر چوہدری سکندر حیات گوندل کی جانب سے دئیے گئے ظہرانے سے خطاب کرتے ہوئے کیا، جس میں بارسلونا سے ڈاکٹر ہماجمشید اور بادالونا سے کونسلر کی امیدوارآئیدہ یورادواور ڈائریکٹر امیگریشن گابی پوبلت نے بھی شرکت کی۔ آلیکس مانیس نے کہا کہ بادالونا میں متعصب میئر کی وجہ سے امیگرنٹس کوتعصب اور نسل پرستی کا سامنا ہے جبکہ بادالونا کی پہچان اس کا متعصب میئر البیول نہیں بلکہ یہاں پر مقیم مختلف رنگوں اور نسلوں کے افراد ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تعصب کی وجہ سے بادالونااور بارسلونا میں مسلمانوں کا قبرستان نہیں ہے جبکہ اس کے مقابلے میں پورے یورپ میں مسلمانوں کے قبرستان ہیں۔ آلیکس نے انکشاف کیا کہ متعصب میئر البیول نے ایک پاکستانی کی سپر مارکیٹ میں 12ٹائلٹ بنانے کا احمقانہ حکم صادر کردیا جبکہ بڑی سپر مارکیٹ میں صرف دو ٹائلٹ ہو تے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ بادالونا میں پاکستانی دکانداروں کو ناجائز تنگ کیاجاتا ہے، بلدیہ کی جانب سے آئے روز انسپکشنز کی وجہ سے دکاندار اور کاروباری طبقہ پریشان ہے۔ بارسلونا سے ’’آئی سی وی اور کمیوں‘‘ اتحاد کی امیدواراور آسے سوپ کی صدر ڈاکٹرہماجمشید نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ انتخابات کے روز پاکستانی گھروں پر نہ بیٹھیں اور اپنے جمہوری حق کا آزادانہ استعمال کریں کیونکہ کاتالونیہ میں مقیم امیگرنٹس کو سیاسی میدان میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینا چاہیے۔ انہوں نے مزید کہا کہ آئی سی وی اور کمیوں اتحاد کا امیدوار آلیکس مانیس مستقبل کا بادالونا میں میئر ہے اور 24مئی کادن نظریات اور عوامی خدمت کی فتح کادن ہوگا۔ بادالونا میں کونسلر کی امیدوار اور آئی سی وی بادالونا کی صدر آئیدہ یورادونے کہا کہ بادالونا میں امیگرنٹس تعصب کا شکار ہیںاور امیگرنٹس دوست جماعت ’’آئی سی وی‘‘اس لعنت کیخلاف ہیں اور اس کا خاتمہ کر کے دم لیں گے۔ انہوں نے کہا کہ بادالونا میں ہمارا مقابلہ تعصب اور امیگرنٹس دشمنی سے ہے۔ انہوں نے پاکستانی کمیونٹی کو کہا کہ وہ 24مئی کو پولنگ سٹیشن آئیں اور’’ آئی سی وی‘‘ اور اس کے اتحاد ’’کمیوں‘‘ کو کامیاب بنائیں۔ ظہرانے کے اختتام پر پارٹی کے سنیئر رہنماء چوہدری عبدالغفار مرہانہ نے شرکاء کا شکریہ اداکیا۔

مزید خبریں :