پاکستان
21 مئی ، 2015

اسپیکر سندھ اسمبلی فنکشنل لیگ کی نصرت سحر عباسی پر سخت برہم

اسپیکر سندھ اسمبلی فنکشنل لیگ کی نصرت سحر عباسی پر سخت برہم

کراچی........سندھ اسمبلی کے اجلاس کے دوران اسپیکر آغا سراج درانی پاکستان مسلم لیگ (فنکشنل) کی خاتون رکن نصرت سحر عباسی پر سخت برہم ہوگئے اور ان سے کہاکہ آپ ہر بات پر کھڑے ہو کر چیخنا شروع کر دیتی ہیں۔ سندھ اسمبلی کے اجلاس کے دوران پیپلز پارٹی کی خاتون رکن شرمیلا فاروقی نے کہا کہ ایوان کی رکن نصرت سحر عباسی نے وقفہ سوالات کے دوران غیر پارلیمانی ریمارکس دیئے اور کہا کہ سندھ اسمبلی میں خواتین کے ساتھ کیا ہوتا ہے، سب نے دیکھ لیا ہے۔ شرمیلا فاروقی نے کہا کہ اسمبلی میں خواتین کی عزت کی جاتی ہے اور انہیں بات کرنے کا موقع دیا جاتا ہے، اس طرح کے ریمارکس کو حذف کیا جائے۔ اس پر نصرت سحر عباسی اٹھ کر بولنے لگیں تو اسپیکر نے ان سے کہا کہ بیٹھ جائیں، چیخنے کی عادت اچھی نہیں ہے، آپ جن قواعد کا حوالہ دے رہی ہیں، ان قواعد کی کتاب کو آپ نے پھاڑ دیا تھا۔ نصرت سحر عباسی کے چپ نہ ہونے پر اسپیکر نے کہا کہ اگر آپ میری بات نہیں سنیں گی تو آپ کے خلاف کارروائی کروں گا، میں تمام غیر پارلیمانی ریمارکس حذف کرتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ قواعد کی کتاب پھاڑنے والوں کے خلاف ریفرنس تیار ہو رہا ہے، جلد یہ ریفرنس الیکشن کمیشن کو بھیجوں گا کیونکہ قواعد کی کتاب آئین کا حصہ ہے اور ان لوگوں نے آئین اور اسمبلی کی توہین کی ہے۔

مزید خبریں :