22 مئی ، 2015
لاہور .......لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے پاکستان اور زمبابوے کے درمیان پہلے ٹی 20میچ میں پاکستان نے زمبابوے کو 5وکٹوں سے شکست دے دی۔پاکستان نے 173رنزکا ہدف 19اعشاریہ 3 اوورزمیں5وکٹ پر حاصل کرلیا۔مختاراحمد اوراحمد شہزاد نے پہلی وکٹ کیلئے 142رنزکی شرا کت قائم کی۔ مختار احمد کو مین آف دی میچ قرار دیا گیا جنہوں نے پاکستان کی جانب سے 45گیندوں پر سب سے زیادہ 83رنز اسکور کیے ۔وہ کریمر کی گیند پر موتمبامی کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔ احمد شہزاد 39گیندوں پر 55رنز بنا کر ولیمز کی گیند پر موتمبامی کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔ ان کے بعد محمد حفیظ 12رنز بنا کر کریمر کی گیند پر کوونٹری کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔ شعیب ملک نے 7رنز بنائے جنہیں پنیانگارا نے بولڈ کیا جبکہ عمر اکمل صرف 4رنز بنا کر وٹوری کی گیند پر سیبانڈا کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔ سرفراز احمد 3اور کپتان شاہد آفریدی 4رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے اور مطلوبہ ہدف پانے میں کامیاب ہوئے۔ زمبابوے کے اے جی کریمر نے 2جبکہ پنیانگارا، وٹوری اور ولیمز نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔